وصال عباسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چشم نم سے کسی پہ ہنستا ہوں (غزل)
چشم نم سے کسی پہ ہنستا ہوں
اور پھر اس نمی پہ ہنستا ہوں
خود کو اپنے ہی روبرو کر کے
اپنی اک اک کمی پہ ہنستا ہوں
ہنستے ہنستے بچھڑ گیا مجھ سے
اس کی زندہ دلی پہ ہنستا ہوں
اس کی خواہش تھی ہنستا دیکھے مجھے
سو میں ہر اک غمی پہ ہنستا ہوں
نا سمجھ تو نہیں ہے وہ اتنا
جانتا ہے اسی پہ ہنستا ہوں
شب کی دہلیز پر قدم رکھے
صبح کی روشنی پہ ہنستا ہوں
وصل لمحوں کے وجد میں آ کر
ہجر کی تیرگی پہ ہنستا ہوں
اپنی سادہ مزاجی کے غم میں
اس کی ہر دل لگی پہ ہنستا ہوں
اپنی مرضی سے جی نہیں سکتی
زیست کی بے بسی پہ ہنستا ہوں
جھوٹ سچ کی دلیل رہنے دے (غزل)
جھوٹ سچ کی دلیل رہنے دے
بن گئی جو فصیل رہنے دے
یہ تعلق بحال ہونا نہیں
اب قسم اور دلیل رہنے دے
نقش سارے مٹا دے آنکھوں سے
اس کی یادوں کی جھیل رہنے دے
شوق سے جا مگر پلٹنے کی
یار کوئی سبیل رہنے دے
کیا سے کیا ہیں حساب سود و زیاں
اے متاع قلیل رہنے دے
سر ہمارے کرم کے ساے میں
میرے رب جلیل رہنے دے
ہاتھ آئے ترے لگام وصالؔ
سوچ ایسی بخیل رہنے دے