پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وپل کمار کی غزلیں — Vipul Kumar Ghazals

وپل کمار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

فرض سپردگی میں تقاضے نہیں ہوئے (غزل)

فرض سپردگی میں تقاضے نہیں ہوئے

تیرے کہاں سے ہوں کہ ہم اپنے نہیں ہوئے

کچھ قرض اپنی ذات کے ہو بھی گئے وصول

جیسے ترے سپرد تھے ویسے نہیں ہوئے

اچھا ہوا کہ ہم کو مرض لا دوا ملا

اچھا نہیں ہوا کہ ہم اچھے نہیں ہوئے

اس کے بدن کا موڑ بڑا خوش گوار ہے

ہم بھی سفر میں عمر سے ٹھہرے نہیں ہوئے

اک روز کھیل کھیل میں ہم اس کے ہو گئے

اور پھر تمام عمر کسی کے نہیں ہوئے

ہم آ کے تیری بزم میں بے شک ہوئے ذلیل

جتنے گناہ گار تھے اتنے نہیں ہوئے

اس بار جنگ اس سے رعونت کی تھی سو ہم

اپنی انا کے ہو گئے اس کے نہیں ہوئے

جلد آئیں جنہیں سینے سے لگانا ہے مجھے (غزل)

جلد آئیں جنہیں سینے سے لگانا ہے مجھے

پھر بدن اور کہیں کام میں لانا ہے مجھے

عشق پاؤں سے لپٹتا ہے تو رک جاتا ہوں

ورنہ تم ہو تو تمہیں چھوڑ کے جانا ہے مجھے

میرے ہاتھوں کو خدا رکھے ترے جسم کی خیر

مسئلہ یہ ہے تجھے ہاتھ لگانا ہے مجھے

دل کو دھڑکا سا لگا رہتا ہے وہ جان نہ لے

اور پھر جبر تو یہ ہے کہ بتانا ہے مجھے

مانگ لیتا ہوں ترے غم سے ذرا سرداری

ایک دنیا ہے جسے دل سے اٹھانا ہے مجھے

مزید غزلیں از وپل کمار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں