پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ونود کمار ترپاٹھی بشر کی غزلیں — Vinod Kumar Tripathi Bashar Ghazals

ونود کمار ترپاٹھی بشر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گلہ تو ان کو بھی ہے میں جنہیں ملا ہی نہیں (غزل)

گلہ تو ان کو بھی ہے میں جنہیں ملا ہی نہیں

نہ جانے کتنے فسانوں میں ہوں پتا ہی نہیں

کوئی تو پوچھے ذرا حال ان اندھیروں سے

کہ جن کے پہلو میں سورج کبھی اگا ہی نہیں

اسے ہے آج بھی رنج و ملال یہ مجھ سے

کہ دل پہ اس کی کسی بات کو لیا ہی نہیں

لو کھیل کھیل میں بننے کو بن گئی کشتی

مگر مزاج سمندر کا کچھ پتا ہی نہیں

وہ شور کس کا تھا شب بھر کہ نیند ٹوٹ گئی

مرے سوا تو کوئی اور گھر میں تھا ہی نہیں

ہوا یوں کرتے ہیں طوفاں سے لوگ خوف زدہ

کہ جیسے اس کے تھپیڑوں میں کچھ مزا ہی نہیں

یہ نور صبح ہے آغاز صرف اک دن کا

وہ دن جو شام گزرتے کبھی رہا ہی نہیں

ابھی سے کر نہ مقرر تو میرا وقت حساب

کہ زندگی تجھے میں نے ابھی جیا ہی نہیں

خلش جہاں کی نمایاں ہیں میری غزلوں میں

وہ درد بھی ہے مرا جو مجھے ملا ہی نہیں

جتنا سلجھاؤں میں اتنی ہی الجھ جاتی ہے (غزل)

جتنا سلجھاؤں میں اتنی ہی الجھ جاتی ہے

زندگی کیسے مراحل پہ مجھے لاتی ہے

مجھ کو جینے کی ہوس ہے کبھی مرنے کا جنوں

زندگی میری شب و روز پھسل جاتی ہے

خوب رشتہ ہے کبھی پاس کبھی دور ہے وہ

زندگی اپنی ہے پر غیر نظر آتی ہے

راستے بند ہیں منزل ہے نہ رہبر کوئی

زندگی بھی تو اسی سمت چلی جاتی ہے

زندگی تجھ سے ہے بس اتنی شکایت مجھ کو

تو کسی غیر میں کیوں اتنا سکوں پاتی ہے

زندگی خوب ہے انصاف تری دنیا کا

درد دیتی ہے مگر لب پہ ہنسی لاتی ہے

رکھ تو لی بات تری اب نہ کبھی بولوں گا (نظم)

رکھ تو لی بات تری اب نہ کبھی بولوں گا

اب تصور میں کبھی تجھ کو نہ میں گھولوں گا

اب نہ پھر پاؤں کبھی تیری طرف جائیں گے

اب نہ ہاتھوں کے ارادے تجھے چھو پائیں گے

اب نہ ہونٹوں پہ بلا وجہ ہنسی چھائے گی

اب نہ چہرے پہ کوئی شکل اتر پائے گی

اب نہ زلفوں کو ترے ہاتھوں کی چاہت ہوگی

اب نہ خوابوں کو ترے آنے کی حسرت ہوگی

اب نہ پیمانے میں تصویر تری اترے گی

اب نہ دل سے کوئی نازک سی خوشی گزرے گی

اب نہ دروازے کی دستک پہ نظر جائے گی

اب نہ نغموں سے مرے تیری مہک جائے گی