پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ونیت آشنا کی غزلیں — Vineet Aashna Ghazals

ونیت آشنا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سب ضرورت کا تو سامان ہے گھر میں رہئے (غزل)

سب ضرورت کا تو سامان ہے گھر میں رہئے

کیا ہوا گر کوئی ہلکان ہے گھر میں رہئے

بھیڑ میں بھی نہ تھے سینے سے لگانے والے

آج تو شہر ہی ویران ہے گھر میں رہئے

سانس گھٹ جائے گی دیواروں کے اندر اک دن

اور سنتے ہیں کہ درمان ہے گھر میں رہئے

بند ہیں مندر و مسجد کی دکانیں ساری

آج بازار یہ سنسان ہے گھر میں رہئے

کل تلک ملک سے باہر جو کئے دیتے تھے

اب تو ان کا بھی یہ فرمان ہے گھر میں رہئے

ہر مرض میں نہیں ہوتی ہے سہولت اتنی

بھوک سے مرنا تو آسان ہے گھر میں رہئے

قید پھر قید ہی ہوتی ہے مگر حسب حال

سب سے بہتر یہی زندان ہے گھر میں رہئے

آپ دل سے مجھے بے دخل کئے دیتے ہیں

اب تو سرکار کا اعلان ہے گھر میں رہئے

اس کی تصویر ان آنکھوں کے لیے کافی ہے

اور پھر میر کا دیوان ہے گھر میں رہئے

مانا کہ میرا جسم یہ جوٹھا گلاس ہے (غزل)

مانا کہ میرا جسم یہ جوٹھا گلاس ہے

لیکن یہ دل تو آج بھی کورا گلاس ہے

کتنی ہے کیسی مے ہے یہی بات ہے بڑی

چاندی یا کانچ کا سہی رہتا گلاس ہے

کچھ تشنگی بھی رکھنی تھی جاناں سنبھال کے

تم نے حفاظتوں سے جو رکھا گلاس ہے

پینے کا لطف ہے تبھی جب یہ رہے نہ علم

تیرا گلاس ہے کہ یہ میرا گلاس ہے

قیمت تو میری پیاس کی بھی کم نہیں حضور

یہ اور بات آپ کا مہنگا گلاس ہے

تم کو بھی اس جہان کا آ ہی گیا چلن

پینے کے بعد تم نے بھی پھینکا گلاس ہے

منہ سے لگا میں پی گیا بوتل تو شور کیوں

شدت کی پیاس کو کہاں ملتا گلاس ہے

دنیا کا میں ضرور ہوں پر شام ہی تلک

پھر اس کے بعد تو مری دنیا گلاس ہے

مزید غزلیں از ونیت آشنا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں