ولاس پنڈت مسافر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنی تو گزری ہے اکثر اپنی ہی من مانی میں (غزل)
اپنی تو گزری ہے اکثر اپنی ہی من مانی میں
لیکن اچھے کام بھی ہم نے کر ڈالے نادانی میں
ہم ٹھہرے آوارہ پنچھی سیر گگن کی کرتے ہیں
جان کے ہم کو کیا کرنا ہے کون ہے کتنے پانی میں
روح کو اس کی راہ کا پتھر بننا ہی منظور نہ تھا
بازی ہم نے ہی جیتی ہے اپنی اس قربانی میں
یار نئی کچھ بات اگر ہو ہم بھی سجدہ کر لیں گے
اکثر ایک ہی بات سنی ہے سب سنتوں کی بانی میں
محنت کر کے ہم تو آخر بھوکے بھی سو جائیں گے
یا مولا تو برکت رکھنا بچوں کی گڑ دھانی میں
موقعے تو ہم تک بھی آئے خوب کما کھا لیتے ہم
لیکن ایک ضمیر تھا بھیتر اللہ کی نگرانی میں
جیون ہے پل پل کی الجھن کس کس پل کی بات کریں (غزل)
جیون ہے پل پل کی الجھن کس کس پل کی بات کریں
ان لمحوں کو بھول کے ہم تم گیت غزل کی بات کریں
روز ہی پینا روز پلانا روز غموں سے ٹکرانا
اک دن مے کو بھول کے آؤ گنگا جل کی بات کریں
سو برسوں کے اس جینے سے حاصل کیا ہو پائے گا
جس نے دل کو خوشیاں دی ہوں اس اک پل کی بات کریں
کیا پایا ہے بھیڑ میں کھو کر کیا پایہ تنہائی میں
آؤ یارو ان رسموں کے پھیر بدل کی بات کریں
آج وفا کی راہ مسافرؔ دھندلی دھندلی لگتی ہے
کہرہ جس نے برسایا ہے اس بادل کی بات کریں