پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وجیندر سنگھ پرواز کی غزلیں — Vijendra Singh Parwaz Ghazals

وجیندر سنگھ پرواز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو تو نہیں تو یہ دنیا رکی رکی سی لگے (غزل)

جو تو نہیں تو یہ دنیا رکی رکی سی لگے

میں اپنی شکل بھی دیکھوں تو اجنبی سی لگے

ترے خیال سے بڑھ کر کوئی خیال نہیں

اندھیرے گھر میں مجھے کیسی روشنی سی لگے

جو تیرے روپ کا چرچا کروں بہاروں سے

تو پھول پھول کی رنگت اڑی اڑی سی لگے

جو تیری باہوں میں دم توڑنا میسر ہو

تو مجھ کو موت کی آمد بھی زندگی سی لگے

کسی کے حکم کا پابند ہو کے کیا پایا

کے اب تو سانس بھی آئے تو خودکشی سی لگے

تمام عمر یہ سوچا ہے شعر کہتے ہوئے

ہماری شاعری پروازؔ شاعری سی لگے

دنیا میں وہی لوگ برے ہیں جو بھلے ہیں (غزل)

دنیا میں وہی لوگ برے ہیں جو بھلے ہیں

ڈھونڈو گے اندھیرے تو چراغوں کے تلے ہیں

چھوڑا نہ گیا دھوپ میں جس پیڑ کا سایا

آندھی میں اسی پیڑ سے ہم بچ کے چلے ہیں

یہ دیکھیے پھر بھی نہ بدل پائی یہ دنیا

لوگوں نے تو بھولوں پہ بہت ہاتھ ملے ہیں

وہ بھی تو ہمیں چھوڑ کے رخصت ہوئے کب کے

ہم جن کے اندھیروں میں چراغوں سے جلے ہیں

اونچائیاں حاصل ہوئیں تقدیر سے جن کو

اک روز وہ سب لوگ بھی سورج سے ڈھلے ہیں

تقدیر نے ان کو بھی ستاروں پہ بٹھایا

پروازؔ جو انسان غریبی میں پلے ہیں