پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وجے شرما کی غزلیں — Vijay Sharma Ghazals

وجے شرما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

باتوں باتوں میں ہی عنوان بدل جاتے ہیں (غزل)

باتوں باتوں میں ہی عنوان بدل جاتے ہیں

کتنی رفتار سے انسان بدل جاتے ہیں

چوریاں ہو نہیں پاتیں تو یہی ہوتا ہے

اپنی بستی کے نگہبان بدل جاتے ہیں

کوئی منزل ہی نہیں ٹھہریں مرادیں جس پر

وقت بدلے بھی تو ارمان بدل جاتے ہیں

اس کے دامن سے امیدوں کے گلوں کو چن کر

زندگی کے سبھی امکان بدل جاتے ہیں

بارہ چاند گئے پونم کے پیار بھرا اک ساون بھی (غزل)

بارہ چاند گئے پونم کے پیار بھرا اک ساون بھی

گئے دنوں میں سال بھی گزرا اور گیا کچھ جیون بھی

جشن جیت کا کون منائے کون اٹھائے ہار کا غم

عکس مرا بھی بکھرا سا ہے ٹوٹ گیا وہ درپن بھی

میرے قد کو ماپنے والے شاید تجھ کو یاد نہیں

انگلی پر ہی اٹھ جاتا ہے کبھی کبھی گوردھن بھی

پہلے تو آغاز سفر کر پھر تاروں کی دوکانوں سے

بالی بندے جھمکے پائل لے دوں گا میں کنگن بھی

اس کو چھو کر لوٹ رہا ہوں مہک رہا ہے جسم ایسے

جیسے مہک رہی ہو دھونی کستوری اور چندن بھی

قیس نے عشق کیا (نظم)

قیس نے عشق کیا

پر شاعری نہیں کی

اس نے لیلیٰ کی باتیں

ہواؤں سے بگولوں سے درختوں سے اور بیلوں سے

پھولوں سے اور خوشبو سے کیں

اور اپنے عشق میں قدرت کو شامل کیا

میں نے شاعری کی

میری شاعری میں بھی ہوائیں بگولے درخت بیلیں پھول

اور خوشبو شامل ہیں

تب میں نے عشق نہیں کیا

میں نے جب عشق کیا

تو اس میں شامل ہوئے

تحفے ملاقات کے طے شدہ وقت آزمائش ان چاہے لوگ

اور وہ ساری دنیاوی چیزیں

جو کبھی محبت کی دلیل نہیں ہو سکتیں

مزید غزلیں از وجے شرما ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں