وجے بہادر وجے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل کو ہمارے ایک کھلونا بنا دیا (غزل)
دل کو ہمارے ایک کھلونا بنا دیا
وہ غم دیا ہمیں کہ تماشا بنا دیا
تم نے مٹا کے دل کو محبت سے پیار سے
کتنا حسین پیار کا نقشا بنا دیا
ایسے ستم کو کون کہے گا ستم بھلا
قطرے کو جیسے آپ نے دریا بنا دیا
دنیا نے دل کو توڑ کے بس کام یہ کیا
کعبہ بنا دیا یا کلیسا بنا دیا
دو دل ملے تھے پیار ہوا تھا مگر وجےؔ
چھوٹی سی بات تھی جسے قصہ بنا دیا
محبت کا مری رنگیں فسانہ بھول بیٹھا ہوں (غزل)
محبت کا مری رنگیں فسانہ بھول بیٹھا ہوں
نہ آؤ یاد تم پچھلا زمانہ بھول بیٹھا ہوں
کسی سے کچھ نہیں کہتا مجھے اپنوں نے لوٹا ہے
مرے اے دوست میں ہنسنا ہنسانا بھول بیٹھا ہوں
مرے ساقی مری جانب نہ ہنس کر دیکھنا ہرگز
تجھے معلوم کیا ہے مسکرانا بھول بیٹھا ہوں
رہائی پا کے اے صیاد جاؤں تو کہاں جاؤں
ہوئی مدت مجھے میں آشیانہ بھول بیٹھا ہوں
زمانے کے ستم تو یاد آتے ہیں مجھے لیکن
وجےؔ اپنی وفاؤں کا ترانہ بھول بیٹھا ہوں