پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وجے ارون کی غزلیں — Vijay Arun Ghazals

وجے ارون کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق نے برباد کر دی زندگی ہائے رے عشق (غزل)

عشق نے برباد کر دی زندگی ہائے رے عشق

کم ہوئی پھر بھی نہ اس کی دل کشی ہائے رے عشق

تیرتا غم کے سمندر میں ہو جیسے کوئی شخص

اور مٹھی میں ہو اس کی ہر خوشی ہائے رے عشق

ایک دل عاشق کا ہے اور طنز کے سو تیر ہیں

پھر بھی ہونٹوں پر ہے اس کی اک ہنسی ہائے رے عشق

دھوپ خوشیوں کی ہے بے شک ہر طرف پھیلی ہوئی

آنکھ عاشق کی ہے پھر بھی شبنمی ہائے رے عشق

ہاں مجھے بھی تم سے الفت ہے یہ سننے کے لئے

اے ارونؔ اک عمر میں نے کاٹ دی ہائے رے عشق

ملن کی رات وہ پہلی نہیں ممکن بھلا پانا (غزل)

ملن کی رات وہ پہلی نہیں ممکن بھلا پانا

مرا تیرے قریب آنا ترا خود میں سمٹ جانا

وہ پہلی شب میں پہلے تو جھجکنا اور شرمانا

مجھے ہے یاد پھر خود ہی ترا مجھ سے لپٹ جانا

وہ اکثر یاد آتا ہے ترا آغوش میں آنا

مجھے مدہوش کر کے پھر وہ چپکے سے چلے جانا

محبت میں نہیں خوبی یہ جو سمجھا رہے ہو تم

جب اپنے دل کو سمجھا لو مرے دل کو بھی سمجھانا

بہت نزدیک سے چہرہ بخوبی کب دکھائی دے

جسے گھر نے نہ پہچانا اسے دنیا نے پہچانا

مزید غزلیں از وجے ارون ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں