وہان گپتا گرگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آپ جیسوں سے وفا کر کے ملا کچھ بھی نہیں (غزل)
آپ جیسوں سے وفا کر کے ملا کچھ بھی نہیں
خیر ایسی بات سے مجھ کو گلہ کچھ بھی نہیں
تیرے جاتے ہی مرے گھر کو اداسی کھا گئی
اب یہاں دیوار و در کے ما سوا کچھ بھی نہیں
ہم خیالوں میں تیرے رہتے ہیں جیسے قید میں
کون کہتا ہے محبت کی سزا کچھ بھی نہیں
میں تو ہجرت کے خیالوں سے بھی ڈر جاتا تھا اور
ایک وہ جس کو بچھڑنے پر ہوا کچھ بھی نہیں
آپ مانیں یا نہ مانیں آپ کی مرضی مگر
ایسا کہنا تو غلط ہے کہ خدا کچھ بھی نہیں
مجھ میں سے تجھ کو گھٹایا تو پتہ ہے کیا ہوا
مجھ میں سے تجھ کو گھٹایا تو بچا کچھ بھی نہیں
اس کے ہونے سے اندھیرا چھٹ سا جاتا تھا وہانؔ
ورنہ ایسی چاند راتوں میں رکھا کچھ بھی نہیں
سچ کہیں آپ سے ہم پیار نہیں کرتے ہیں (غزل)
سچ کہیں آپ سے ہم پیار نہیں کرتے ہیں
اس لئے عشق کا اظہار نہیں کرتے ہیں
یاد رکھنا کہ سمندر میں سفر سے پہلے
ناخدا سے کبھی تکرار نہیں کرتے ہیں
آنکھوں کو تیرے سوا کوئی نہیں بھاتا ہے
سو کسی اور کا دیدار نہیں کرتے ہیں
پینے کے بعد میں وہ یاد نہیں آتی ہے
اس لئے پینے سے انکار نہیں کرتے ہیں
جو بھی ہیں جیسے بھی ہیں سامنے دشمن کے ہیں
پیٹھ کے پیچھے سے ہم وار نہیں کرتے ہیں