وید پرکاش ملک سرشار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ ملے یا نہ ملے ملتے ملاتے رہیے (غزل)
کچھ ملے یا نہ ملے ملتے ملاتے رہیے
شوق اچھا ہے اسے خوب بڑھاتے رہیے
دوست گر کام نہ آئے تو کوئی بات نہیں
ان کو اس بات کا احساس کراتے رہیے
آپ کے آنے سے لوگوں کو جلن ہوتی ہے
ہے یہ دنیا کا چلن آپ تو آتے رہیے
مجھ پہ احسان کریں آپ گزارش ہے مری
مجھ کو ہر روز اسی طرح ستاتے رہیے
میرے رونے پہ کئی شخص ہنسا کرتے ہیں
ہو سکے آپ سے تو مجھ کو رلاتے رہیے
کہاں تک سنو گے زمانے کی باتیں (غزل)
کہاں تک سنو گے زمانے کی باتیں
یہ اک دوسرے کو لڑانے کی باتیں
محبت سے رہتے تھے آپس میں ہم تم
تمہیں یاد ہیں اس زمانے کی باتیں
زمانے میں اپنی یہ حالت نہ ہوتی
نہ سنتے اگر ہم زمانے کی باتیں
ہے دنیا کو امن و سکوں کی ضرورت
کرو ختم طوفاں اٹھانے کی باتیں
کچھ اس کی روش کو نہیں دیکھتے ہم
سنے جا رہے ہیں زمانے کی باتیں
نہ تم مٹ سکو گے نہ ہم ہی مٹیں گے
غلط ہیں یہ مٹنے مٹانے کی باتیں
زمانہ زمانہ ستم گر زمانہ
تمہیں کیا بتائیں زمانے کی باتیں
کریں فکر کچھ اپنے سود و زیاں کی
بہت سن چکے ہم زمانے کی باتیں