پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وضاحت نسیم کی غزلیں — Vazahat Nseem Ghazals

وضاحت نسیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پرکھ سکو تو محبت کا اک مزاج ہیں ہم (غزل)

پرکھ سکو تو محبت کا اک مزاج ہیں ہم

کل اس طرح نہیں مل پائیں گے جو آج ہیں ہم

کوئی خطائے محبت ازل میں کر لی تھی

زبان شعر میں بھیجا ہوا خراج ہیں ہم

اس اک ہنر سے خدا سب کو فیضیاب کرے

کہ اب بھی جس کے لئے وقف احتیاج ہیں ہم

سنا ہے گھاؤ ملے ہیں تجھے بہت گہرے

تو ہم سے مل کہ ترے گھاؤ کا علاج ہیں ہم

کسی کی یاد میں عمر اپنی ہو رہی ہے بسر

کسی کے عہد وفا کی نسیمؔ لاج ہیں ہم

ہمیں اپنی ذات سے عشق ہوا ہم اپنے لئے بیتاب ہوئے (غزل)

ہمیں اپنی ذات سے عشق ہوا ہم اپنے لئے بیتاب ہوئے

تم لوگ پرائے ہجر میں تھے تم اپنے لئے نایاب ہوئے

ہمیں کس کی خبر ہمیں کس کا پتہ ہمیں اپنا حصول ضروری تھا

معلوم نہیں اوروں کے لئے ہم خواب ہوئے کہ سراب ہوئے

اس گاؤں کے سب کچے رستے کسی شہر سے جا کر ملتے ہیں

اس گاؤں میں جب سیلاب آیا وہ شہر بھی زیر آب ہوئے

وہ بہار کا منظر اب جیسے مری آنکھ میں آکر ٹھہر گیا

مری سوچ کے سب بہتر لمحے تری یاد سے مل کے گلاب ہوئے

کیوں ایسی دعائیں کی جائیں جو قبول بھی ہوں تو پتہ نہ چلے

جنہیں سینت کے رکھا مدت تک وہ گناہ بھی نذر ثواب ہوئے

پھر ذہن میں سوچیں اٹھتی ہیں پھر سوچ کو پہلو ملتے ہیں

تری یاد کے مضموں پر اب تک کتنے ہی سوال و جواب ہوئے

یوں تو اونچے اونچے پربت (نظم)

یوں تو اونچے اونچے پربت

گہرے نیلے آسمان پر دودھیا بادل

جھیلیں جل تھل

بھیگی رات ہوا کی خنکی

اور مرے جنگل کی مستی

سارے ہی منظر اچھے تھے

راہوں میں تاروں کی دھنک تھی

پھولوں میں بھرپور مہک تھی

ہم تم تھے اور مست فضائیں

وہیں پہ جی چاہا کھو جائیں

لیکن پھر اک سوچ یہ ابھری

پھول کھلانا چاند سجانا

رات کا لانا دن لوٹانا

جنگل کو سرسبز بنانا

فطرت کا بھرپور عمل ہے

اور جب یہ قانون اٹل ہے

ہم اپنی ہستی کے سبب کو

کیوں کہ اب تک جان نہ پائے

یہ سوچا اور ہم لوٹ آئے

مزید غزلیں از وضاحت نسیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں