پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وصاف باسط کی غزلیں — Vasaf Basit Ghazals

وصاف باسط کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دھوپ شجر کو گیت سنائے آتی ہے (غزل)

دھوپ شجر کو گیت سنائے آتی ہے

تتلی سارے رنگ چرائے آتی ہے

ان اشعار کا خوش ہونا تو لازم ہے

جن اشعار پہ ان کی رائے آتی ہے

تھوڑی دیر میں ٹرین نکلنے والی ہے

سن تھوڑی ہی دیر میں چائے آتی ہے

اس لمحے پر لگ جاتے ہیں گھر کو بھی

جب جب وہ اس سمت سرائے آتی ہے

یعنی اس نے ٹھان ہی لی ہے جانے کی

وہ پورا سامان اٹھائے آتی ہے

خون بہاتی ہے باسطؔ کہساروں پر

شام اندھیری رات چھپائے آتی ہے

پری سفر میں رمق تک نہیں گئی ہوگی (غزل)

پری سفر میں رمق تک نہیں گئی ہوگی

مجھے پتہ ہے دھنک تک نہیں گئی ہوگی

یہ آسمان جو معمول کے مطابق ہے

زمیں کی چیخ فلک تک نہیں گئی ہوگی

نظر میں آتی ہوئی تیرگی خلاؤں بیچ

یہ روشنی بھی چمک تک نہیں گئی ہوگی

اسے خبر ہے طبیعت ہی میری ایسی ہے

مجھے یقیں ہے وہ شک تک نہیں گئی ہوگی

یہ لفظ یوں ہی پگھلتے رہیں گے کاغذ پر

یہ آگ شہر خنک تک نہیں گئی ہوگی

پھر آسمان کا منظر جلا ہوا دیکھا

کسی کی آنکھ پرکھ تک نہیں گئی ہوگی

وہ پھر خموش نگاہیں لیے ہوئے باسطؔ

مری کسی بھی جھلک تک نہیں گئی ہوگی

مزید غزلیں از وصاف باسط ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں