ورن گگنیجہ واحد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ٹھہرے جذبات کے دریا کو روانی دے کر (غزل)
ٹھہرے جذبات کے دریا کو روانی دے کر
ہم نے کردار بچایا ہے کہانی دے کر
حد سے بڑھ جائے تو ہر چیز بری ہوتی ہے
میں نے اک فصل جلا ڈالی ہے پانی دے کر
اس نئے لہجے سے دل ڈوبنے لگتا ہے مرا
تم پکارو مجھے آواز پرانی دے کر
اب مجھے پیاس نبھانے کا ہنر آتا ہے
خاک صحرا میں اڑائی ہے جوانی دے کر
میرا رب کرتا ہے احسان مسلسل واحدؔ
شعر در شعر مجھے مصرع ثانی دے کر
رت جگے میں بھی اک خماری ہے (غزل)
رت جگے میں بھی اک خماری ہے
خواب ہلکا ہے نیند بھاری ہے
دیکھو کس کا نصیب بدلے گا
سانپ نے کینچلی اتاری ہے
ہوش مندوں کے اس خرابے میں
ہم دیوانوں کا رقص جاری ہے
اب اسے کون دیکھ سکتا ہے
ہم نے اس کی نظر اتاری ہے
خواب کا دام ہم لگائیں گے
عمر اک جاگتے گزاری ہے
اب تو شادی کی فکر ہے اس کی
ایک گڑیا سے عشق جاری ہے
یہ جنوں ٹھیک ہے مگر واحدؔ
ہوش کی اپنی ذمہ داری ہے
مزید غزلیں از ورن گگنیجہ واحد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں