پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وقار فاروقی کی غزلیں — Vaqar Faruqi Ghazals

وقار فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو مطلب کی نہیں وہ شے لٹیرا چھوڑ جاتا ہے (غزل)

جو مطلب کی نہیں وہ شے لٹیرا چھوڑ جاتا ہے

اپاہج باپ ہو جائے تو بیٹا چھوڑ جاتا ہے

اب ایسے شہ جہاں تو ہم نہیں جو تاج بنوائیں

ہمارے خواب میں یہ کون نقشہ چھوڑ جاتا ہے

کوئی انسان سے بڑھ کر نہیں ظالم زمانے میں

درندہ بھی اسے دیکھے تو رستہ چھوڑ جاتا ہے

کہیں دنگے بھڑکتے ہیں کہیں ہوتا ہے ہنگامہ

وہ آتا ہے تو اک شوشہ ہمیشہ چھوڑ جاتا ہے

تباہی بعد میں آتی ہے جاتا ہے وقارؔ اول

ہمیشہ شام سے پہلے ہی سایہ چھوڑ جاتا ہے

ہر ایک غم کو مسرت میں ڈھالنے والا (غزل)

ہر ایک غم کو مسرت میں ڈھالنے والا

کہاں گیا وہ تبسم اچھالنے والا

یہ اس کے رشک و حسد خود اسے ڈبوئیں گے

مرے گا زہر سے خود سانپ پالنے والا

لگا سکا نہ مرے ظرف کا وہ اندازہ

ابھر سکا نہ سمندر کھنگالنے والا

بچا سکے گا نہ خود کو ذلیل ہونے سے

ہماری ذات پہ کیچڑ اچھالنے والا

خوشی کا لہجہ کبھی تو عطا کرے گا مجھے

جہاں کے غم مری جھولی میں ڈالنے والا

تمہاری بزم طرب میں وقارؔ آیا ہے

ہر ایک زخم کو شعروں میں ڈھالنے والا

مزید غزلیں از وقار فاروقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں