پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وندنا بھاردواج تواری وانی کی غزلیں — Vandana Bhardwaj Tiwary Vani Ghazals

وندنا بھاردواج تواری وانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اداس نینا جو برستے ہیں سحاب کی طرح (غزل)

اداس نینا جو برستے ہیں سحاب کی طرح

تو غم کے پھول بھی مہکتے ہیں گلاب کی طرح

لرز لرز کے ایسے یاد آتے ہیں وہ گزرے دن

کہ نفس نفس جھنجھناتا ہے رباب کی طرح

یہ دنیا کے نظارے یادیں خواب عشق زندگی

لبھاتے ہیں یہاں پہ سب کے سب سراب کی طرح

جہاں کے ظلم سہتے سہتے فاختہ بھی بارہا

عقب سے پنجے مارتی ہے پھر عقاب کی طرح

جہان حسن کا یہی ہوا ہے حشر ہر دفعہ

کہ چار دن میں یہ گھٹا ہے ماہتاب کی طرح

زباں پہ جب بھی آہ بن کے آرزو مچلتی ہے

تو درد سینہ میں ابھرتا ہے حباب کی طرح

پلا دے جام ساقیا کہ رات آنے والی ہے

ہمیں فلاں کی یاد آئی پھر عذاب کی طرح

یادوں کی راکھ میں ہر لمحہ دھواں دھواں ہے (غزل)

یادوں کی راکھ میں ہر لمحہ دھواں دھواں ہے

ہونٹوں پہ بکھرا ہر اک نغمہ دھواں دھواں ہے

ماضی کی آگ میں جل کے عمر گزری ساری

اب بجھ گئی ہوں تو یہ چہرہ دھواں دھواں ہے

انسانیت کی لو بجھتی ہے گلی گلی میں

اور شہر بھر میں ہر اک رستہ دھواں دھواں ہے

تنہائی کی ہوا سے اک شمع ہاری کل شب

کمرے کا میرے کونا کونا دھواں دھواں ہے

تو روٹھ کر نہ میرے دل کو جلا مرے یار

لگ جا گلے کہ دل کا شعلہ دھواں دھواں ہے

دنیا کی دھوپ میں جانے کب سے ہی جھلس کر

میرے وجود کا ہر ذرہ دھواں دھواں ہے

اک ٹھہری ٹھہری سی خواہش کی تپش سے وانیؔ

نم آنکھوں کا یہ گیلا صحرا دھواں دھواں ہے