ولی مدنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بہت ٹوٹا ہوں لیکن حوصلہ زندہ بہت کچھ ہے (غزل)
بہت ٹوٹا ہوں لیکن حوصلہ زندہ بہت کچھ ہے
مرے اندر ابھی ایثار کا جذبہ بہت کچھ ہے
عطا کی ہے اسی نے زندگی کو کرب کی دولت
مگر اس میں مرے دل کا بھی سرمایہ بہت کچھ ہے
بچاتا ہے کہاں یہ دوپہر کی دھوپ سے ہم کو
یوں کہنے کو یہاں دیوار کا سایہ بہت کچھ ہے
محبت کا جسے آسیب کہتے ہیں جہاں والے
مرے دل پر اسی آسیب کا سایہ بہت کچھ ہے
وہ آیا ہے نہ آئے گا بجھا دے یاد کی شمعیں
دل ناداں کو تنہائی میں سمجھایا بہت کچھ ہے
کوئی دو گھونٹ پی کر جی تو سکتا ہے ولیؔ لیکن
کسی دریا سے تشنہ لب گزر جانا بہت کچھ ہے
بنا کر خود کو جس نے اک بھلا انسان رکھا ہے (غزل)
بنا کر خود کو جس نے اک بھلا انسان رکھا ہے
سکون قلب کا اپنے لئے سامان رکھا ہے
سکوں کے ساتھ جینا تو بہت دشوار ہے لیکن
زمانہ نے پہنچنا مرگ تک آسان رکھا ہے
نہ کیوں محتاط رکھوں خود کو وقت گفتگو تم سے
تمہارے دل کو میں نے آبگینہ جان رکھا ہے
پری کیوں نیند کی اترے مری پلکوں کے آنگن میں
کہ میں نے پال کر دل میں عجب بحران رکھا ہے
در و دیوار پر ہیں گھونسلے کتنے پرندوں کے
کہوں کیسے کہ قدرت نے یہ گھر ویران رکھا ہے
عطا کر سامنا کرنے کی جرأت اے خدا دل میں
مری کشتی کی قسمت میں اگر طوفان رکھا ہے
مرے اوپر ولیؔ سب سے بڑا احسان ہے اس کا
کہ جس نے شاخ دل پر پھول سا ایمان رکھا ہے
لوگ حیراں ہیں (نظم)
لوگ حیراں ہیں
کیوں چھوڑ کے شاخ گل کو
آ کے بیٹھی ہے ہتھیلی پہ مری
ایک خوش نما تتلی
کوئی کیا جانے کہ یہ چوستی ہے
میری قسمت کے کسیلے رس کو