پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ولاء جمال العسیلی کی غزلیں — Vala Jamal Al Aseeli Ghazals

ولاء جمال العسیلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ کر غرور اگر تو کمال رکھتا ہے (غزل)

نہ کر غرور اگر تو کمال رکھتا ہے

کہ ہر عروج یہاں پر زوال رکھتا ہے

خدا ہی جانے میں آئی ہوں کیسے گلشن میں

یہاں تو خار بھی حسن و جمال رکھتا ہے

ہر ایک زخم پہ میرے نمک چھڑکتا ہے

وہ دوست میرا بہت ہی خیال رکھتا ہے

تمام رشتوں کو توڑا نہیں ابھی اس نے

خفا خفا ہے مگر بول چال رکھتا ہے

لبوں پہ اس کے شکایت نہیں ہے کوئی ولاؔ

مگر نظر میں ہزاروں سوال رکھتا ہے

اس زندگی سے کوئی شکایت نہیں مجھے (غزل)

اس زندگی سے کوئی شکایت نہیں مجھے

کہتی ہوں سچ کہ جھوٹ کی عادت نہیں مجھے

ہوں سوتے جاگتے ترے بارے میں سوچتی

کیسے کہوں کہ تیری ضرورت نہیں مجھے

دل دے دیا تھا پہلی ملاقات میں تجھے

یہ بات ماننے میں ندامت نہیں مجھے

آنکھیں سوائے تیرے نہیں دیکھتی ہیں کچھ

اک پل ترے خیال سے فرصت نہیں مجھے

میں تو وفا کی دنیا میں رہتی ہوں اے ولاؔ

اک بے وفا سے کوئی بھی نسبت نہیں مجھے

مزید غزلیں از ولاء جمال العسیلی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں