وکیل احمد حیات کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کہاں اے پردہ نشیں خود کو چھپایا ہوا ہے (غزل)
کہاں اے پردہ نشیں خود کو چھپایا ہوا ہے
تیرا دیوانہ ترے شہر میں آیا ہوا ہے
تیری تصویر نے تسخیر کیا ہے دل کو
تیرا ہی عکس مرے ذہن پہ چھایا ہوا ہے
دل ہے سادہ کہ سمجھ بیٹھا ہے اس کو غم خوار
وہ جو اپنے ہی کسی کام سے آیا ہوا ہے
اپنی راہوں کو بھی ظاہر نہیں ہونے دیتے
ہم نے منزل کو بھی دنیا سے چھپایا ہوا ہے
عشق کی آگ پہ کاغذ کی چلا کر کشتی
ایک دیوانے نے دنیا کو ہلایا ہوا ہے
ان پہ یہ انفس و آفاق بھی قربان حیاتؔ
مرکز عشق جنہیں ہم نے بنایا ہوا ہے
جسے ہم ڈھونڈتے پھرتے رہے ہر ایک محفل میں (غزل)
جسے ہم ڈھونڈتے پھرتے رہے ہر ایک محفل میں
شراب عشق وہ ہم کو ملی میخانۂ دل میں
یہ آنکھیں جب بھی روتی ہیں بھگو دیتی ہیں عارض کو
بڑا گہرا تعلق ہے سمندر اور ساحل میں
جہاں پر عدل کا پرچم ہر اک پرچم سے اونچا ہو
سمجھ لینا وہی بہتر قبیلہ ہے قبائل میں
مجھے تو شاعری کرنے کی بھی فرصت نہیں ملتی
الجھ جاتا ہوں اکثر میں ریاضی کے مسائل میں
ہمیں نے دیکھی ہے تاریخ کی سب سے بری ہجرت
دلوں سے لوگ نکلے اور بسے جا کر موبائل میں
جو یہ کہتے ہیں ہم نے تو قیامت کو نہیں دیکھا
حیاتؔ ان سے یہ کہتا ہے کبھی جھانکو مرے دل میں
اک پنگھٹ ہے دنیا یارو (نظم)
اک پنگھٹ ہے دنیا یارو
اور ہم سب پیاس کے مارے لوگ
جو کھیل رہے ہیں ایسا کھیل
جہاں شرط ہے خود سے لڑنے کی
پنگھٹ پر پیاسا مرنے کی