ویبھو کمار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پہلے سی والہانہ طبیعت نہیں تری (غزل)
پہلے سی والہانہ طبیعت نہیں تری
کیا زندگی سے کوئی شکایت نہیں تری
سلطان ہو گیا ہے زمانہ کا تو مگر
اس دل کی سلطنت پہ حکومت نہیں تری
بد قسمتی تو اپنی مرے یار دیکھ لے
اس کو ملا ہے تو جسے چاہت نہیں تری
اتنے بڑے جہان میں اے میرے ہم سفر
میرے سوا کسی کو بھی عادت نہیں تری
پھر عمر بھر کو آنسوؤں کا سلسلہ چلا
اس نے جو کہہ دیا کہ ضرورت نہیں تری
فساد کرتے ہوئے ہر کسی سے بھول ہوئی (غزل)
فساد کرتے ہوئے ہر کسی سے بھول ہوئی
حسد میں ڈوب چکے آدمی سے بھول ہوئی
حسین ہونٹ پہ رکھا حسین تل اس نے
بنانے والے سے کیا سادگی سے بھول ہوئی
جو تو کھڑی تھی تو پچھم کی اور تکتا رہا
تجھے نہار کے سورج مکھی سے بھول ہوئی
جوان لاش پہ دیکھا جو چودھویں کا چاند
خدا قسم یہ لگا چاندنی سے بھول ہوئی
یہ اشک بہتے رہے سب غزل سمجھتے رہے
مجھے پرکھنے میں سچ مچ سبھی سے بھول ہوئی
مزید غزلیں از ویبھو کمار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں