پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وحشی کانپوری کی غزلیں — Vahshi Kanpuri Ghazals

وحشی کانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زمیں سے آسماں تک آسماں سے لا مکاں تک ہے (غزل)

زمیں سے آسماں تک آسماں سے لا مکاں تک ہے

ذرا پرواز مشت خاک تو دیکھو کہاں تک ہے

تلاش و جستجو کی حد فقط نام و نشاں تک ہے

سراغ کارواں بھی بس غبار کارواں تک ہے

جبین شوق کو کچھ اور بھی اذن سعادت دے

یہ ذوق بندگی محدود سنگ آستاں تک ہے

سراپا آرزو بن کر کمال مدعا ہو جا

وہ ننگ عشق ہے جو آرزو آہ و فغاں تک ہے

بڑھائے جا قدم راہ طلب میں شوق سے وحشیؔ

کہ حد سعی لا حاصل فقط کون و مکاں تک ہے

آنکھ میں تیری شکل ہے دل میں ترا جمال ہے (غزل)

آنکھ میں تیری شکل ہے دل میں ترا جمال ہے

کس کو یہ فرصت خیال ہجر ہے یا وصال ہے

اس کی شکستگی نہ دیکھ اس کے فروغ پر نہ جا

عشق تو حسن ہی کا ایک پرتو لا یزال ہے

تیری نظر کی بجلیاں کوند گئیں کہاں کہاں

فرش سے عرش تک تمام روشنیٔ جمال ہے

پہلے تھا اضطراب دل روح روان عاشقی

راہ فنا میں اب یہی مانع اتصال ہے

اب نہ وہ فکر نامہ بر اور نہ وہ اضطراب دل

اپنا جواب آپ ہی اب مرا ہر سوال ہے

مزید غزلیں از وحشی کانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں