پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وفا ملک پوری کی غزلیں — Vafa Malikpuri Ghazals

وفا ملک پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نئی سحر ہے یہ لوگو نیا سویرا ہے (غزل)

نئی سحر ہے یہ لوگو نیا سویرا ہے

طلوع ہو چکا سورج مگر اندھیرا ہے

خدا ہی جانے یہ دل کب خدا کا گھر ہوگا

ابھی تو اس میں بتان ہوس کا ڈیرا ہے

ابھی نہ دے مجھے آواز اے غم جاناں

ابھی تو شہر وفا میں بڑا اندھیرا ہے

نہ سائبان نہ آنگن نہ چھت نہ روشندان

اور اس پہ سب سے لڑائی کہ گھر یہ میرا ہے

یہ دار و گیر کی دنیا میں کہنا مشکل ہے

کہ کون اس میں لٹا کون یاں لٹیرا ہے

یہ سارے جھگڑے ہیں بس ایک دو پہر کے لیے

کہ نور مہر نہ میرا ہے اور نہ تیرا ہے

وفا نثار ہو اس کی وفا‌ شناسی پر

ہزار گردشوں کے بعد بھی جو میرا ہے

تمام رات وہ جاگا کسی کے وعدے پر (غزل)

تمام رات وہ جاگا کسی کے وعدے پر

وفا کو آ ہی گئی نیند رات ڈھلنے پر

جو سب کا دوست تھا ہر انجمن کی رونق تھا

کل اس کی لاش ملی اس کے گھر کے ملبے پر

وہ ذوق فن ہو کہ شاخ چمن کہ خاک وطن

ہر اک کا حق ہے مرے خوں کے قطرے قطرے پر

حقیقتیں نظر آئیں تو کس طرح ان کو

تعصبات کی عینک ہے جن کے چہرے پر

چمن میں یوں تو تھے کچھ اور آشیاں لیکن

گری جو برق تو میرے ہی آشیانے پر

کرم مجھی پہ تھا سب باغبان‌ و گلچیں کا

کسی نے قید کیا اور کسی نے نوچے پر

یہ دشت حزن ہے کرب و بلا کا صحرا ہے

چلے گا کون یہاں اب وفاؔ کے رستے پر

مزید غزلیں از وفا ملک پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں