وفا براہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ممکن نہیں ہے اپنے کو رسوا وفا کرے (غزل)
ممکن نہیں ہے اپنے کو رسوا وفا کرے
دنیائے بے ثبات کی خاطر دعا کرے
نور وجود اور اگر حوصلہ کرے
شمع حیات جل کے بھی کچھ لو دیا کرے
مر مر کے کوئی کب تلک آخر جیا کرے
کیوں ہر نفس سے زیست کے طعنے سنا کرے
جب کوشش تمام بھی رہ جائے ناتمام
اے حاصل حیات بتا کوئی کیا کرے
جو غم نصیب یار ہو خود اپنی زیست پر
کب تک نگاہ ناز کا وہ آسرا کرے
ہے عالم وجود پہ چھایا ہوا جمود
اے کاش انقلاب کوئی فیصلہ کرے
اب آرزو یہی ہے دم نزع اے وفاؔ
غیر از خدا نہ یاد رہے کچھ خدا کرے
حقیقت سے جو آشنا ہو گیا (غزل)
حقیقت سے جو آشنا ہو گیا
قیود ہوس سے رہا ہو گیا
نقوش عمل کو مٹا کر کوئی
امیر طلسم دعا ہو گیا
وہ قید تصور سے آزاد ہے
لطافت کا جو آئنہ ہو گیا
تہی دامنی سے پشیماں تھے ہم
وہ تر دامنی پر خفا ہو گیا
ہے چہروں پہ کیوں چھائی پژمردگی
شگفتہ دلوں کو یہ کیا ہو گیا
جو خود خالق مدعا تھا کبھی
وہی بندۂ مدعا ہو گیا
وفاؔ میکدے اب نہ جائے کوئی
وہ رند ازل پارسا ہو گیا
شب وصل کیوں ہیں رلانے کی باتیں (نظم)
شب وصل کیوں ہیں رلانے کی باتیں
کرو کچھ تو ہنسنے ہنسانے کی باتیں
دل ناتواں کو منانے کی باتیں
نہیں ہیں نہیں ہاتھ آنے کی باتیں
مناسب ہے کچھ انتظام مسرت
پلاؤ پلاؤ شراب محبت
تمہی کہہ دو کچھ حد ہے ظلم و جفا کی
وفا کی طرح ساری دنیا ہے شاکی
کبھی یہ ادا کی کبھی وہ ادا کی
رہی شکل ابتر دل مبتلا کی
نہیں ہیں نہیں ہیں محبت کی باتیں
حقیقت میں یہ ہیں عداوت کی باتیں