پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وارث کرمانی کی غزلیں — Varis Kirmani Ghazals

وارث کرمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کھوئے ہوئے صحرا تک اے باد صبا جانا (غزل)

کھوئے ہوئے صحرا تک اے باد صبا جانا

وہ خاک جنوں میری آنکھوں سے لگا جانا

اب تک کوئی چنگاری رہ رہ کے چمکتی ہے

اے قافلۂ فردا یہ راکھ اڑا جانا

ہے دشت تمنا میں اب شام کا سناٹا

ہاں تیز قدم رکھتے اے اہل وفا جانا

ہم نیند کی چادر میں لپٹے ہوئے چلتے ہیں

اس بھیس میں اب ہم سے ملنا ہو تو آ جانا

آفاق کی سرحد پر سائے سے گریزاں ہیں

ان سوختہ جانوں کو اس پار نہ تھا جانا

تم دور سفر کر کے نزدیک سے لگتے ہو

اب پاس بہت آ کے ہم کو نہ جگا جانا

کیا اس سے شکایت ہو جس شوخ کی عادت ہو

کچھ بات دبا لینا کچھ آنکھ چرا جانا

ہم ذکر گل و بلبل کرتے ہوئے ڈرتے ہیں

اب سیکھ گیا ہے وہ ہر بات کا پا جانا

جی میں ہے اک دن جھوم کر اس شوخ کو سجدہ کروں (غزل)

جی میں ہے اک دن جھوم کر اس شوخ کو سجدہ کروں

سجدے سے پھر اللہ تک اک راستہ پیدا کروں

بس ہو چکا اہل جہاں اب یہ تماشہ کب تلک

کیا چشم ظاہر سے ملا کیا دیدۂ دل وا کروں

ہاں ہاں وہ بازی گر سہی مٹی کا اک پیکر سہی

تیری نظر سے ہم نشیں کیسے اسے دیکھا کروں

جیسے کہیں ہے کچھ کمی تصویر بنتی ہی نہیں

عرض ہنر میں کب تلک کلک گہر توڑا کروں

اس سے یہی کہتا ہوں واجب احترام عشق ہے

اندر سے یہ خواہش ہے وہ جیسا کہے ویسا کروں

یہ جھلملاتا سا جہاں گاہے عیاں گاہے نہاں

ٹھہرے تو کچھ معلوم ہو دیکھوں تو راز افشا کروں