عظمیٰ نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیرے آثار مٹانے میں بہت دیر لگی (غزل)
تیرے آثار مٹانے میں بہت دیر لگی
خود کو اس پار بلانے میں بہت دیر لگی
تو مری ذات کا کھویا ہوا حصہ ہے کوئی
تجھ کو یہ بات بتانے میں بہت دیر لگی
زندگی جس کی ہر اک تال پہ کرتی ہے دھمال
دل کے وہ تار بجانے میں بہت دیر لگی
آئینہ مجھ کو یوں دیکھے کہ سمٹتی جاؤں
تیرے رنگوں کو بہانے میں بہت دیر لگی
جس کی تعبیر میں بے شکل نکھر جاتے ہیں
مجھ کو اس خواب کے پانے میں بہت دیر لگی
رات پھر ہجر کے تکیے پہ کئے گیسو دراز
رات پھر خود کو سلانے میں بہت دیر لگی
کتنے بکھرے ہوئے رنگوں میں ملی ہے فرقت
مجھ کو یہ رزق اٹھانے میں بہت دیر لگی
وصل کے خواب مری نسل ہی اب دیکھے گی
ہجر میں راستہ پانے میں بہت دیر لگی
خودی کے نام پہ اک جشن بے خودی کر لو (غزل)
خودی کے نام پہ اک جشن بے خودی کر لو
اندھیری رات میں کچھ اور روشنی کر لو
یہ دشمنی تو مرے احترام میں گم ہے
مرے رقیب کوئی مجھ سے دوستی کر لو
کہاں تلک یہ بہاروں کی سرمدی دولت
بہت تمام ہوئی اب تو زندگی کر لو
یہ شور بڑھتا رہا گر تو بے قصور ہوں میں
تجھے خبر تو ملے کوئی خامشی کر لو
میں اپنے سارے ہی عیبوں سے آپ واقف ہوں
مرے خیال پہ تم کوئی بھی ہنسی کر لو
میں ہوتے ہوتے کہاں دار تک چلی آئی
کسی نے مجھ سے کہا تھا کہ عاشقی کر لو
پوری بات کہنے کی کب مجھے اجازت ہے (نظم)
پوری بات کہنے کی کب مجھے اجازت ہے
پوری بات سننے کی آپ کو کیا ضرورت ہے
آپ علم کے داعی
آپ سوچ کے رہبر
آپ ہی محبت کے قاعدے بناتے ہیں
آپ ہی رفاقت کے سب ہنر بتاتے ہیں
آپ کے تبسم کو میں نے گر کبھی کھوجا
پچھلے کتنے جنموں کے عشق کے کھنڈر نکلے
آنجناب کے سارے
درد معتبر نکلے
آپ مسکراتے ہیں مسکراتے رہیے تو
میں کہ ایک عورت ہوں
یا کہ پھر محبت ہوں
آدھی بات کہتی ہوں
پورا دکھ اٹھاتی ہوں