عظمیٰ اقبال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مسکراہٹ کے حسیں پھول کھلائے رکھیں (غزل)
مسکراہٹ کے حسیں پھول کھلائے رکھیں
اپنا ویرانۂ دل یوں ہی بسائے رکھیں
سرخ رو ہو کے نہ دنیا میں کوئی جی پایا
پھر بھی یہ شوق کہ صورت کو سجائے رکھیں
آگ لگ جائے نہ دنیا میں شرر سے اس کی
شر کے بہکے ہوئے طوفاں کو دبائے رکھیں
خود فراموشی نے احساس دلایا اکثر
دل کے زخموں کو ہوا دے کے سکھائے رکھیں
بھول جائے نہ کہیں شکل یہ دل والوں کی
دیدۂ بینا کو آئینہ بنائے رکھیں
آج وہ آئے ہیں اپنی ہی غرض سے عظمیٰؔ
گھر کا دستور ہے مہماں سے نبھائے رکھیں
وجہ جینے کی تمہارا ساتھ ہے (غزل)
وجہ جینے کی تمہارا ساتھ ہے
زندگی گویا تمہارے ہاتھ ہے
میری بدنامی مری تقدیر تھی
لوگ کہتے ہیں تمہارا ہاتھ ہے
جانتے ہیں ہم کہ تم ایسے نہیں
توڑ نہ دینا بھرم جو ساتھ ہے
موہ لینے کا یہ فن جو تجھ میں ہے
میری الفت کا بھی اس میں ہاتھ ہے
کیا کریں ہم بس میں اپنے کچھ نہیں
پھر بھی جینے کی تمنا ساتھ ہے
حسرتیں لاکھوں سمٹ کر آ گئیں
ایک مٹھی دل جو اپنے ساتھ ہے
شخصیت اپنی بکھر سکتی نہیں
دوستی کا اور وفا کا ساتھ ہے
صورت عظمیٰؔ جو بدلی سی لگی
گردش دور زماں کا ہاتھ ہے