استاد وجاہت حسین خاں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہلکی ہلکی بارش میرے دل کو یوں تڑپاتی ہے (غزل)
ہلکی ہلکی بارش میرے دل کو یوں تڑپاتی ہے
یوون میں اک گوری جیسے پردے میں چھپ جاتی ہے
دل سے میرے غم کے سائے آپ ہی چھٹنے لگتے ہیں
موسم گل میں جیسے جیسے یاد تمہاری آتی ہے
کیا ساون کیسی برساتیں کیا سکھیاں کیا ملن کی رات
روتا ہے دل تڑپ تڑپ جب یاد پیا کی آتی ہے
جانے کب اس سے ملنا ہو سوچ سوچ حیران ہے دل
آس بھی میرے دل کی آخر دل ہی میں رہ جاتی ہے
شام ڈھلے بیٹھے بیٹھے دل بوجھل سا ہو جاتا ہے
ماضی کا اک اک لمحہ جب یاد تری دہراتی ہے
آزادی کے نام پہ عورت آ بیٹھی بازاروں میں
ایسی کلی تو کھلنے سے کچھ پہلے ہی مرجھاتی ہے
ہم سے وجاہتؔ مت پوچھو اس دور میں کیسے زندہ ہیں
راتوں کو ہم جاگتے ہیں اور نیند اکثر اڑ جاتی ہے
چاند نکلا تو تیری یاد آئی (غزل)
چاند نکلا تو تیری یاد آئی
دل کو ڈسنے لگی ہے تنہائی
درد لیتا ہے دل میں انگڑائی
پھر اسی بے وفا کی یاد آئی
کیسا ساون ہے یہ تمہارے بن
دل کو بھاتی نہیں ہے پروائی
وہ تصور میں ایسے آتے ہیں
دور بجتی ہو جیسے شہنائی
تیرا چہرا کہ جیسے جھیل کنول
چاندنی تجھ کو دیکھ شرمائی
دل کو پھر یاد آ گئی اس کی
درد لینے لگا ہے انگڑائی
وہ نہ گھر آ سکے وجاہتؔ کے
یاد ان کی مگر بہت آئی