پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

استاد رامپوری کی غزلیں — Ustad Rampuri Ghazals

استاد رامپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم گدھے کو گدھا سمجھتے ہیں (غزل)

ہم گدھے کو گدھا سمجھتے ہیں

وہ ہمیں جانے کیا سمجھتے ہیں

رہزنو اس طرح سے کام کرو

سب مجھے رہنما سمجھتے ہیں

جن کو غوطے نہ لگ سکے وہ لوگ

ناخدا کو خدا سمجھتے ہیں

زندگی بھر کی کوششوں کا حصول

وہ مرا مدعا سمجھتے ہیں

لوگ کہتے ہیں بے وفا مجھ کو

اور تمہیں با وفا سمجھتے ہیں

چیختے کیوں ہو حضرت ناصح

ہم تمہارا کہا سمجھتے ہیں

یہ کسی بھیڑیے کے پنجے ہیں

ہم ترے نقش پا سمجھتے ہیں

غیر سے ان کا ربط بھی سمجھیں

جو انہیں بے وفا سمجھتے ہیں

ان کی آنکھیں جو تیری آنکھوں کو

کچھ نہیں میکدہ سمجھتے ہیں

میں ہوں اولاد کی جگہ استادؔ

جانے یہ لوگ کیا سمجھتے ہیں

کوٹھری ٹھیک نہ کوٹھی کا خیال اچھا ہے (غزل)

کوٹھری ٹھیک نہ کوٹھی کا خیال اچھا ہے

یار جس حال میں رکھے وہی حال اچھا ہے

مارچ میں عقد ہوا اور ستمبر میں طلاق

کوئی بتلائے برا ہے کہ یہ سال اچھا ہے

ناتواں قیس ہے اب کون اسے سمجھائے

ایسے حالات میں لیلیٰ کا وصال اچھا ہے

بے حجابی نہیں معشوق کی فطرت اے دوست

بدر سے میں تو سمجھتا ہوں ہلال اچھا ہے

رات لڑنے لگے استادؔ سے طوفان سخن

لوگ کہنے لگے منشی کا خیال اچھا ہے

میری محبوب ذرا آج مرے ساتھ تو چل (نظم)

میری محبوب ذرا آج مرے ساتھ تو چل

آج ہم منزل الفت کا نشاں پا لیں گے

دور دنیا کی نگاہوں سے کہیں پر چھپ کر

میں نے سوچا ہے کہ اک تاج محل ڈھا لیں گے

بعد نو ماہ کے شہکار بر آمد ہوگا

اس عجوبے کی مگر شاہجہاں تو ہوگی

اس میں آئے گا نظر تیری حسیں شکل کا عکس

میرے اخلاق و شرافت کی بھی کچھ بو ہوگی

کیا خبر تجھ کو جواں ہو کے ترا تاج محل

رونق محفل ہستی کو دوبالا کر دے

آج سنسان اندھیروں میں جسے ڈھالیں ہم

کل وہی سارے زمانے میں اجالا کر دے

میری محبوب یہ دنیا کی عمارات قدیم

دامن ارض پہ چھینٹوں کے سوا کچھ بھی نہیں

روضۂ تاج کو اس طرح تعجب سے نہ دیکھ

یہ تراشی ہوئی اینٹوں کے سوا کچھ بھی نہیں

میری محبوب ذرا دیر کی تکلیف سہی

ضبط کر ضبط کہ اک تاج محل بنتا ہے

اپنی ہستی کو مٹا دیتی ہے معصوم کلی

تب کہیں جا کے کسی شاخ پہ پھل بنتا ہے

مزید غزلیں از استاد رامپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں