عثمان ناظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب مرا خواب پہ ایمان نہیں ہوتا تھا (غزل)
جب مرا خواب پہ ایمان نہیں ہوتا تھا
کوئی بھی راستہ آسان نہیں ہوتا تھا
جب کسی میز پہ گلدان نہیں ہوتا تھا
پھول کوئی بھی پریشان نہیں ہوتا تھا
ہونا ہوتا تھا اسے مجھ سے بہر حال جدا
اور وہ مرحلہ آسان نہیں ہوتا تھا
میں بھی ہوتا تھا بہت تجھ سے بچھڑ کر نا خوش
اور خوش تو بھی مری جان نہیں ہوتا تھا
دیکھ لیتا تھا میں اکثر تجھے چپکے چپکے
جب ترا میری طرف دھیان نہیں ہوتا تھا
دیکھتا رہتا تھا میں راہ تری پہروں تک
گو ترے آنے کا امکان نہیں ہوتا تھا
جب میں کہتا تھا تمہارے لیے مر جاؤں گا
تو وہ اس بات پہ حیران نہیں ہوتا تھا
ہوتا رہتا تھا اگرچہ وہ خفا پہلے بھی
دل مگر اتنا پریشان نہیں ہوتا تھا
جب کسی شخص پہ آ جاتی تھی کوئی مشکل
گاؤں میں کوئی بھی انجان نہیں ہوتا تھا
ہاں یہ سچ ہے کہ اسے ملنے سے پہلے ناظرؔ
آنکھ میں نیند کا فقدان نہیں ہوتا تھا
مرہم کی مقدار بڑھا کر گھاؤ بھرنے والا ہوں (غزل)
مرہم کی مقدار بڑھا کر گھاؤ بھرنے والا ہوں
ایک محبت کم ہے سو میں دوسری کرنے والا ہوں
چھوڑو یار اداسی کا انجام بھیانک ہوتا ہے
میں تو آج دکھوں سے لڑ کر خوب سنورنے والا ہوں
پھولوں کا رس چوس رہے ہیں بھنورے اور میں پاگل سا
ایک تری امید کے بل پر پیاسا مرنے والا ہوں
جس نے میرے میسر ہونے پر بھی غیر کا نام لیا
اس کی سرخ ہتھیلی پر میں آنکھیں دھرنے والا ہوں
چھوڑ بھنور کی ایسی تیسی تو بس دیکھتا جا کیسے
میں لہروں کا سینہ چیر کے پار اترنے والا ہوں