پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عثمان مینائی کی غزلیں — Usman Minai Ghazals

عثمان مینائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب بھی مرا زمیں پہ بڑے گھر کا آدمی (غزل)

جب بھی مرا زمیں پہ بڑے گھر کا آدمی

تو چوک پر لگا دیا پتھر کا آدمی

دستار بادشاہ کے قدموں میں ڈال کر

دربار میں کھڑا ہے بنا سر کا آدمی

مٹی سے غسل کرنے کا اس کو نہیں شعور

صحرا میں کیا کرے گا سمندر کا آدمی

کالکھ کہاں سے آ گئی اتنی وجود میں

مٹی کا آدمی ہے کہ ڈامر کا آدمی

آئی جو رات چل دیا شیطان کی طرف

دن بھر جو لگ رہا تھا پیمبر کا آدمی

باہر کے آدمی سے میں رہتا تھا ہوشیار

نقصان میرا کر گیا اندر کا آدمی

ہر آدمی یہ سوچتا رہتا ہے عمر بھر

کوئی نہیں ہے میرے برابر کا آدمی

آخر شکست کھا گیا لیکن محاذ پر

مجھ سے بہت لڑا مرے اندر کا آدمی

جو غلط بات ہے وہ بات نہیں مانتے ہیں (غزل)

جو غلط بات ہے وہ بات نہیں مانتے ہیں

ہم قبیلے کی رسومات نہیں مانتے ہیں

میری کوشش ہے تجھے دل سے بھلا دوں لیکن

شعر کہتا ہوں تو جذبات نہیں مانتے ہیں

وہ تو اندھے ہیں اندھیروں کی پڑی ہے عادت

اس لئے رات کو وہ رات نہیں مانتے ہیں

اپنے مذہب پہ بہت پختہ یقیں ہے لیکن

نام مذہب پہ خرافات نہیں مانتے ہیں

آج کے دور کے عثمانؔ یہ ضدی عاشق

صرف ملنے کو ملاقات نہیں مانتے ہیں

مزید غزلیں از عثمان مینائی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں