پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عثمان شاہین کی غزلیں — Usman Shaheen Ghazals

عثمان شاہین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ذکر ہوتا ہے اس پری وش کا جب بھی محفل میں بات ہوتی ہے (غزل)

ذکر ہوتا ہے اس پری وش کا جب بھی محفل میں بات ہوتی ہے

اس کی یادوں کی انجمن ہی میں دن گزرتا ہے رات ہوتی ہے

صدقے اتری ہے زیست اس دل کے روح کی ہے مفارقت تن سے

التہاب وجود ختم ہوا غم سے دل کو نجات ہوتی ہے

لاکھ پہرے بھی ہوں تو محفل میں بات کرنے سے کیسے روکیں گے

کون جانے زبان اہل وفا آنکھوں آنکھوں میں بات ہوتی ہے

لمحے گزرے جو ان کی باہوں میں رقص کن اب بھی ہیں نگاہوں میں

ان کی زلفوں کی چھاؤں کے نیچے کتنی دل کش حیات ہوتی ہے

اس کی تعریف کیا کریں شاہینؔ ساتھ جس کے خدائی ہے ساری

زلف سنوری تو دن نکلتا ہے زلف بکھری تو رات ہوتی ہے

زندگی بھی عجب تماشا ہے (غزل)

زندگی بھی عجب تماشا ہے

کبھی آشا کبھی نراشا ہے

جس میں کرتی ہیں گفتگو آنکھیں

وہ محبت کی ایک بھاشا ہے

ظلمت غم ہے چھٹ ہی جائے گی

تجھ کو اے دوست کیوں نراشا ہے

کیوں اکڑتا ہے اے دل ناداں

تو تو پانی میں اک بتاشا ہے

اس زمانے میں آدمی شاہینؔ

جیسے اک چلتا پھرتا لاشہ ہے

بوڑھے نیم کی (نظم)

بوڑھے نیم کی

سب سے اونچی

شاخ پہ بیٹھی

چیل یہ شاید سوچ رہی ہے

کیسے ناداں

ہیں یہ انساں

خود کو دانا کہتے ہیں

زہر ہوس کا پیتے ہیں

بڑے بڑے منصوبے ان کے

لیکن عمر ہے چھوٹی سی

میری عمر ہے ایک صدی

گھر میرا بس چار ہی تنکے

ان کی عمر ہے مجھ سے چھوٹی

لیکن پختہ گھر ہیں ان کے

مزید غزلیں از عثمان شاہین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں