عثمان علوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم اپنی مرضی کا وحشت کدہ بنائیں گے (غزل)
ہم اپنی مرضی کا وحشت کدہ بنائیں گے
خلا بنایا تو سینہ کھلا بنائیں گے
جو لے کے جاتا ہوں خوابوں کے دائروں سے پرے
ہم اپنی رات میں وہ راستہ بنائیں گے
وہ سرد شام میں چھپتا ہوا نحیف بدن
کہیں ملا تو اسے آگ کا بنائیں گے
طریر خاک اڑائیں گے اپنی مٹی سے
اور اسم پڑھ کے اسے فاختہ بنائیں گے
مٹائیں گے کبھی فرق نبود و بود جہاں
اور اک جہان کو بنتا ہوا بنائیں گے
پرندے اور کوئی دم میں جلنے والے تھے (غزل)
پرندے اور کوئی دم میں جلنے والے تھے
درخت دل میں بھری آگ اگلنے والے تھے
مؤذنوں کو تو اس بات کا پتہ ہی نہ تھا
کہیں سے تیر اندھیرے میں چلنے والے تھے
جہاز رانوں کی آنکھوں میں اتنی وحشت تھی
کہ بادبان ہی خیموں میں ڈھلنے والے تھے
یہ ماس خور یہ اندھی گپھا میں پلتے چور
سب اپنی نسل کے مردوں پہ پلنے والے تھے
میں جانتا ہوں چراغوں سے آئینوں کا سفر
میں جانتا ہوں جو بانسوں اچھلنے والے تھے
کہ ریت اڑ رہی ہوگی تو یاد آئیں گے
تمام آئنے جو راز اگلنے والے تھے
مجھے کمہار کے سونے سے مسئلہ نہیں پر
ظروف آج بھی کچے نکلنے والے تھے
وہ سرد رات وہ ققنس وہ اک چراغ عثمانؔ
سب اپنے اپنے الاؤ میں جلنے والے تھے