پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عشبہ تعبیر کی غزلیں — Ushba Tabeer Ghazals

عشبہ تعبیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہوں یہ کیسے کہ دل کو ترا خیال نہیں (غزل)

کہوں یہ کیسے کہ دل کو ترا خیال نہیں

یہ بات اور کہ ظاہر ہوا ملال نہیں

تڑپ رہا ہے ابھی تک یہ دل اسی کے لیے

وہ میرا عشق ہے اور عشق کو زوال نہیں

تمام عمر سسکتے ہوئے ہی گزرے گی

مرے نصیب میں جاناں ترا وصال نہیں

سبھی جواب مجھے خامشی میں ملتے ہیں

تمہارے طرز تکلم کی بھی مثال نہیں

تو کیا ہوا جو اگر لٹ گیا بھرم میرا

کہ ایک طرفہ محبت میں کچھ کمال نہیں

ستم وہ لاکھ کرے ساتھ میرے حق ہے اسے

مرے لبوں پہ شکایت نہیں سوال نہیں

کنارہ عشق سے اس کے محال ہے عشبہؔ

وہ جان جاں ہے مری جان کا وبال نہیں

زندگی بھی وہ زندگی ہی نہیں (غزل)

زندگی بھی وہ زندگی ہی نہیں

جس کا مقصود آگہی ہی نہیں

جل رہے ہیں چراغ ہر جانب

دل کے حجرے میں روشنی ہی نہیں

خشک صحرا مرا وجود سہی

پر نگاہوں میں تشنگی ہی نہیں

آدمیت کی سوچ سے ہے پرے

جس کی فطرت میں عاجزی ہی نہیں

ایسا بندہ بھی کوئی بندہ ہے

جس میں موجود بندگی ہی نہیں

حسن آسودۂ نظر کیا ہو

جس کی خصلت میں سادگی ہی نہیں

چاند نکلا ہے آج چودھویں کا

میرے آنگن میں چاندنی ہی نہیں

گنگناہٹ میں غم ہے بھنوروں کی

آج پھولوں میں تازگی ہی نہیں

ہائے اس دور نا مساعد میں

معتبر کوئی آدمی ہی نہیں

تری آنکھوں کے کاجل پر (نظم)

تری آنکھوں کے کاجل پر

ترے گلبرگ عارض پر

ہوا کے ہونٹ نے الفت بھرا بوسہ دیا ہوگا

تبھی یہ رنگ نکھرا ہے

ترے چہرے کی رنگت سے دھنک سی بنتی جاتی ہے

تری چوڑی کی کھن کھن میں محبت کی صدائیں ہیں

یوں لگتا ہے کہ گویا اک پری تمثال

یک دم اک تصور کے

شبستاں سے نکل آئی

مزید غزلیں از عشبہ تعبیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں