پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اوشا شفق کی غزلیں — Usha Shafaq Ghazals

اوشا شفق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنی مخمور نگاہوں میں چھپا لو مجھ کو (غزل)

اپنی مخمور نگاہوں میں چھپا لو مجھ کو

دل کی دہلیز پہ چاہو تو بٹھا لو مجھ کو

ہر طرف آج چمن میں ہے خزاں کی یورش

دامن صبح بہاراں میں چھپا لو مجھ کو

یہ مرے دل کی ہے مٹی اسے ضائع نہ کرو

تم سے کہتی ہے چلو جام بنا لو مجھ کو

کبھی گوہر کبھی پتھر جو بنایا تم نے

کب کہا میں نے کہ ہر سانچے میں ڈھالو مجھ کو

میں سر راہ پڑا ہوں مجھے ٹھوکر نہ لگاؤ

در نایاب ہوں سینے سے لگا لو مجھ کو

عشق میں شوق شہادت کی کوئی حد ہی نہیں

ہر نفس کہتا ہے مقتل میں بلا لو مجھ کو

اسی امید پہ میں بیٹھ گیا ہوں آ کر

رہرو راہ محبت ہوں اٹھا لو مجھ کو

آخری التجا ہے آپ سے سانسوں کی مری

وقت ڈھلنے کو ہے اب اپنا بنا لو مجھ کو

شب کے دامن میں شفقؔ یا تو سجا لو مجھ کو

شمع سوزاں کی طرح یا تو جلا لو مجھ کو

میں نے جنوں میں کیا کیا تجھ کو خدا بنا دیا (غزل)

میں نے جنوں میں کیا کیا تجھ کو خدا بنا دیا

نام ترا جہاں سنا سجدے میں سر جھکا دیا

صدمۂ رنج و غم نہیں تجھ سے خزاں گلہ نہیں

شکوہ ہے اس بہار سے جس نے چمن جلا دیا

میرے لئے زمین بھی اور یہ آسمان بھی

زیست کے اس احاطہ میں تم نے مجھے پھنسا دیا

شکوے شکایتیں کہیں نالہ و اشک غم کہیں

میں نے وفا کی راہ میں اپنا جو تھا لٹا دیا

درد سے سینہ بھر اٹھا پلکیں بھی پھر سے نم ہوئیں

پھر سے وہ یاد آ گیا پھر اسے بھلا دیا

شہر وفا کی راہ میں ایک چراغ راہ تھا

آندھیوں کے عتاب نے اس کو بھی اب سکھا دیا

اب کوئی مدعا نہیں ہمت التجا نہیں

دنیا نے مجھ کو کیا دیا خاک میں ملا دیا

کافی نہیں مرا گلہ شکوۂ درد کے لئے

آ کے مزار پر مرے آنسوؤں سے سجا دیا

مزید غزلیں از اوشا شفق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں