پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اوشا بھدوریہ کی غزلیں — Usha Bhadoriya Ghazals

اوشا بھدوریہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم کبھی خود سے کوئی بات نہیں کر پاتے (غزل)

ہم کبھی خود سے کوئی بات نہیں کر پاتے

زندگی تجھ سے ملاقات نہیں کر پاتے

بیٹھ جاتا ہے جہاں درد تھکا ہارا سا

خواب بھی اس سے سوالات نہیں کر پاتے

ان سے پھر اور کسی شے کی توقع کیسی

چند لمحے بھی جو خیرات نہیں کر پاتے

زندگی بے سر و ساماں ہی گزر جاتی ہے

دن جو کر لیتے ہیں وہ رات نہیں کر پاتے

عمر بھر ان کے مقدر میں ہیں سوکھے دریا

اپنی کوشش سے جو برسات نہیں کر پاتے

صبر کی بات بڑی شکر کے دریا گہرے

لیکن ان سے گزر اوقات نہیں کر پاتے

کبھی بھولے سے مقدر جو ہمیں دیتا ہے

سرخ رو ہم وہی لمحات نہیں کر پاتے

اک نہ اک خوف ہمیں روک لیا کرتا ہے

ہم بیاں ڈوبتے جذبات نہیں کر پاتے

پاس آتے ہیں جہاں اپنے ارادے اوشاؔ

ہم کبھی ان کی مدارات نہیں کر پاتے

آئنہ سے بات کرنا اتنا آساں بھی نہیں (غزل)

آئنہ سے بات کرنا اتنا آساں بھی نہیں

عکس کی تہہ سے ابھرنا اتنا آساں بھی نہیں

خواہشیں سینے میں اگ آتی ہیں جنگل کی طرح

زندگی بانہوں میں بھرنا اتنا آساں بھی نہیں

اپنے ہی قدموں کی آہٹ جس جگہ چبھنے لگے

ایسی راہوں سے گزرنا اتنا آساں بھی نہیں

جانتی ہوں میں جدا ہے میرے خوابوں کا مزاج

ان اجالوں میں سنورنا اتنا آساں بھی نہیں

ساتھ رہتا ہے ہمیشہ تیرا غم تیرا خیال

اب ہوا معلوم مرنا اتنا آساں بھی نہیں

کیسی کیسی اونچی دیواریں کھڑی ہیں ہر طرف

دل میں جو ہے کر گزرنا اتنا آساں بھی نہیں

رکھ دیا ہے آپ کی چاہت نے مجھ کو جس جگہ

اس بلندی سے اترنا اتنا آساں بھی نہیں

سوچنا پڑتا ہے تنہائی میں خود کو بارہا

اپنے ہی سچ سے مکرنا اتنا آساں بھی نہیں

جانے اوشاؔ کتنے بندھن کتنے رشتے توڑ کر

دل کی خالی گود بھرنا اتنا آساں بھی نہیں

مزید غزلیں از اوشا بھدوریہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں