پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسامہ ضوریز کی غزلیں — Usama Zoraiz Ghazals

اسامہ ضوریز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی ہے اجل تو تو بھی نہیں (غزل)

زندگی ہے اجل تو تو بھی نہیں

سوچتا ہوں اٹل تو تو بھی نہیں

تیرے ہوتے بھی سب خراب ہی تھا

اور پھر آج کل تو تو بھی نہیں

اے شگوفوں میں رنگ بھرتے شخص

اس اداسی کا حل تو تو بھی نہیں

جو تری جستجو میں چھوڑ دیا

اس کا نعم البدل تو تو بھی نہیں

مجھ کو یہ جان کر اداسی ہوئی

کچھ مسائل کا حل تو تو بھی نہیں

میں بھی ضوریزؔ کوئی زمزم ہوں

اور پھر گنگا جل تو تو بھی نہیں

تری تلاش کے ماروں کی نیند پوری ہو (غزل)

تری تلاش کے ماروں کی نیند پوری ہو

ذرا تو بیٹھ کہ پیروں کی نیند پوری ہو

وصال کرکے جدائی کا نام تک نہ رہے

پھر اتنا جاگیں کہ برسوں کی نیند پوری ہو

خدا تو چاہے گا خوابوں میں سب رہیں مصروف

خدا تو چاہے گا بندوں کی نیند پوری ہو

ترا بچھڑنا کہ بس جاگنے کی دوری پہ ہے

تو کیسے خوف کے ماروں کی نیند پوری ہو

یہ روٹی پانی کا جھگڑا ہے اور لوگوں کا

میں چاہتا ہوں کہ لوگوں کی نیند پوری ہو

اسی کی مرضی کہ کتنوں کا چوکیدار رہے

اسی کی مرضی کہ جتنوں کی نیند پوری ہو

جو ایک جاگے تو دونوں کو اضطراب رہے

جو ایک سوئے تو دونوں کی نیند پوری ہو

مزید غزلیں از اسامہ ضوریز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں