اسامہ مسعود کھوکھر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب تک امید پلتی رہتی ہے (غزل)
جب تک امید پلتی رہتی ہے
شمع بارش میں جلتی رہتی ہے
جانے کیوں وقت رک سا جاتا ہے
کس طرح زیست ڈھلتی رہتی ہے
تیری تصویر تکتا رہتا ہوں
یوں طبیعت بہلتی رہتی ہے
چلتا جاتا ہوں پانیوں کے بیچ
تشنگی ساتھ چلتی رہتی ہے
جو تیرے در نہیں جاتے (غزل)
جو تیرے در نہیں جاتے
وہ کیونکر مر نہیں جاتے
سبھی جاتے ہیں ان کے در
مجھے لے کر نہیں جاتے
میں پوچھوں مدتوں سے کیا
یہ گھاؤ بھر نہیں جاتے
برے غم بھول جاتے ہیں
مگر بد تر نہیں جاتے
بہاریں لا نہیں سکتے
یہ بادل گھر نہیں جاتے
تری انکار کی عادت
ہمارے ڈر نہیں جاتے
ہم آئے بن بلائے وہ
بلانے پر نہیں جاتے
اسامہؔ ان کی محفل میں
اٹھا کر سر نہیں جاتے
مزید غزلیں از اسامہ مسعود کھوکھر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں