پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسامہ اثر کی غزلیں — Usama Asar Ghazals

اسامہ اثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس لیے لگتا ہوں خوش باش حزیں ہو کر بھی (غزل)

اس لیے لگتا ہوں خوش باش حزیں ہو کر بھی

ساتھ رہتا ہے کوئی ساتھ نہیں ہو کر بھی

تیرا اعزاز محبت تھا کہ تیرے بیمار

شہر میں چھائے رہے گوشہ نشیں ہو کر بھی

ایک بندے کے نہ ہونے سے یہ دنیا ساری

زہر لگتی ہے مجھے اتنی حسیں ہو کر بھی

بے بسی کہیے اسے یا مری قسمت کہیے

میں تجھے پا نہ سکا تیرے قریں ہو کر بھی

ہائے وہ لوگ جو ہر ایک مصیبت میں اثرؔ

ساتھ دیتے ہیں مرا زیر زمیں ہو کر بھی

تم ہمارے نہ ہم تمہارے ہوئے (غزل)

تم ہمارے نہ ہم تمہارے ہوئے

زندگی سے ہیں دونوں ہارے ہوئے

آسمانوں میں ڈھونڈھتا ہوں میں

اپنے وہ لوگ جو ستارے ہوئے

تیرے جانے سے ابتدا ہوئی تھی

اور پھر مستقل خسارے ہوئے

حادثہ ایک دم نہیں ہوا تھا

پہلے اک عمر تک اشارے ہوئے

ہم کو دنیا کا تجربہ ہے اثرؔ

ہم اسی روگ کے ہیں مارے ہوئے

مزید غزلیں از اسامہ اثر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں