پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عروسہ جیلانی کی غزلیں — Uroosa Jilani Ghazals

عروسہ جیلانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خود شیشے کے گھر میں بیٹھے پتھر پھینکیں اوروں پر (غزل)

خود شیشے کے گھر میں بیٹھے پتھر پھینکیں اوروں پر

زخمی لوگ پکاریں بھی تو تہمت آئے لوگوں پر

اپنی اپنی سوچ میں گم صم بھاگ رہے ہیں سارے لوگ

خوف و ہراس کے اب پہرے ہیں ہنستے بستے شہروں پر

چاروں سمت مسافر چیخیں پتھر کی مانند میں چپ

بحر کنارے دیکھ رہا ہوں ٹوٹی کشتی لہروں پر

ہم لوگوں نے جو سوچا ہے لکھا ہے بے خوفی سے

حاکم لوگوں نے تو خوب لگائے پہرے سوچوں پر

خود پرستی کا نشہ مجھ کو چڑھا ہے آج کل (غزل)

خود پرستی کا نشہ مجھ کو چڑھا ہے آج کل

شوق تجھ سا ہونے کا مجھ کو ہوا ہے آج کل

کل تلک تھا جو وفا کی سلطنت کا پیشوا

شور اس کی بے وفائی کا بپا ہے آج کل

باغباں تو کچھ سوالوں کی اجازت دے مجھے

کس کی غفلت سے چمن اجڑا پڑا ہے آج کل

دب گئی ہے روبرو قاضی کی چیخوں کی صدا

رہزنوں کو منصفوں کا آسرا ہے آج کل

عکس تیرا ایک پل بھی آنکھ سے اوجھل نہ ہو

دیکھ میرے عشق کی یہ انتہا ہے آج کل

گھر بنا لو تم عروسہؔ اور کسی دنیا میں اب

دہر میں جینے کا مطلب حادثہ ہے آج کل

مزید غزلیں از عروسہ جیلانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں