پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عرفی آفاقی کی غزلیں — Urfi Aafaqi Ghazals

عرفی آفاقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ملے جو مدت کے بعد ہم تم نہ تم وہ تم تھے نہ ہم وہ ہم تھے (غزل)

ملے جو مدت کے بعد ہم تم نہ تم وہ تم تھے نہ ہم وہ ہم تھے

تھے ہم بھی خاموش تم بھی گم صم نہ تم وہ تم تھے نہ ہم وہ ہم تھے

نہ آنکھ چھلکی نہ ہونٹ لرزے نہ سانس الجھی نہ دل ہی دھڑکا

کہاں وہ جذبات کا تلاطم نہ تم وہ تم تھے نہ ہم وہ ہم تھے

نہ پیاری پیاری شکایتیں وہ نہ پہلے جیسی عنایتیں وہ

نہ گالیاں وہ پر از ترنم نہ تم وہ تم تھے نہ ہم وہ ہم تھے

خموشیاں تھیں جو دو بہ دو تھیں خموشیاں تھیں جو چار سو تھیں

خموشیاں تھیں جو تھیں تکلم نہ تم وہ تم تھے نہ ہم وہ ہم تھے

وہی زمیں تھی وہی فلک تھا وہی تھیں صبحیں وہی تھیں شامیں

وہی تھے خورشید و ماہ و انجم نہ تم وہ تم تھے نہ ہم وہ ہم تھے

ہزار صدیوں کی دوریاں تھیں جو دشت و صحرا سی درمیاں تھیں

کہ اس طرف ہم اور اس طرف تم نہ تم وہ تم تھے نہ ہم وہ ہم تھے

رباب غم پھر اٹھاؤ عرفیؔ وہی غزل پھر سناؤ عرفیؔ

کہتے ہو کچھ کہوں تو غلط سربسر غلط (غزل)

کہتے ہو کچھ کہوں تو غلط سربسر غلط

کیوں کر بنے کہو جو ہر اک بات پر غلط

تو کون پھر درست ہے بارے تمہیں کہو

اچھا غلط ہے بات ہماری اگر غلط

انصاف شرط ہے مگر انصاف ہے کہاں

جو بھی ہمیں ملا سو ملا داد گر غلط

دیکھو تو منہ وہ آئے ہے تس پر ہمارے منہ

اکثر کلام جس کا غلط بیشتر غلط

ہوتی ہے پیروئ غلط بھی کبھی کبھی

گرچہ نہیں ہے در خور تقلید ہر غلط

جانا غلط کہے ہے مگر کیوں نہ مانیے

مانا غلط کہے سے ہے صرف نظر غلط

اتنی ہی بلکہ اور بھی تحسین چاہیے

دیکھو کلام غیر جہاں جس قدر غلط

کیوں ٹوک کر کسی کو بھلا ہم برے بنیں

جانے بلا ہماری کوئی ہے اگر غلط

مزید غزلیں از عرفی آفاقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں