پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اپدیش ودیارتھی کی غزلیں — Updesh Vidyarthi Ghazals

اپدیش ودیارتھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمام آنسو اگر شبدوں میں ڈھل جاتے تو اچھا تھا (غزل)

تمام آنسو اگر شبدوں میں ڈھل جاتے تو اچھا تھا

تری یادوں سے ہم باہر نکل جاتے تو اچھا تھا

سر محفل بتا کر یوں ہوئے رسوا ہمیں تو ہیں

کہ سارے راز دل کے ہم نگل جاتے تو اچھا تھا

پرانی بات کو لے کر جو پچھتاؤ تو کیا حاصل

اگر تم وقت رہتے ہی سنبھل جاتے تو اچھا تھا

زمانے اور تھے ان کے محبت اور تھی ان کی

جو مہمانوں سے کہتے تھے کہ کل جاتے تو اچھا تھا

سجی ہے بزم الفت کی اگر اپدیشؔ ایسے میں

سبھی بے موسمی بادل بھی ٹل جاتے تو اچھا تھا

بہہ رہی ہے پھر وہی پروا سہانی رات میں (غزل)

بہہ رہی ہے پھر وہی پروا سہانی رات میں

چل پڑی ہے سوپن کی پھر راجدھانی رات میں

لوٹ آیا ہے مرا بچپن دوبارہ پھر وہی

پھر سنائیں گی مجھے دادی کہانی رات میں

پھر لٹے گا دل کسی کا دیکھنا آکاش میں

بڑھ رہی ہے چاند کی پھر نت جوانی رات میں

پھر ستاروں کی کوئی بارات نکلے گی یہاں

پھر اتر آئیں گی پریاں آسمانی رات میں

پھر چمکنے لگ گئے جگنو مرے اطراف میں

پھر سے ملنے آ گئی پاگل دیوانی رات میں

پھر کمل کھلنے لگے ہیں گاؤں کے تالاب میں

پھر مہکنے لگ گئی ہے رات رانی رات میں

چھوٹی موٹی بات پر لڑنا جھگڑنا روز ہی

دن کی ساری دشمنی پھر بھول جانی رات میں

اور سننا ہے اگر اپدیشؔ آنا گاؤں میں

پھر سنائیں گے کبھی باقی کہانی رات میں

مزید غزلیں از اپدیش ودیارتھی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں