پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عمر انصاری کی غزلیں — Umar Ansari Ghazals

عمر انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

باہر باہر سناٹا ہے اندر اندر شور بہت (غزل)

باہر باہر سناٹا ہے اندر اندر شور بہت

دل کی گھنی بستی میں یارو آن بسے ہیں چور بہت

یاد اب اس کی آ نہ سکے گی سوچ کے یہ بیٹھے تھے کہ بس

کھل گئے دل کے سارے دریچے تھا جو ہوا کا زور بہت

موجیں ہی پتوار بنیں گی طوفاں پار لگائے گا

دریا کے ہیں بس دو ساحل کشتی کے ہیں چھور بہت

میں بھی اپنی جھونک میں تھا کچھ وہ بھی اپنے زعم میں تھا

ہوتی بھی ہے کچھ میرے یارو پیار کی کچھ ڈور بہت

فصل خزاں تو سہہ لی لیکن موسم گل میں ٹوٹ گری

بوجھ پھلوں کا سہہ نہیں پائی شاخ کہ تھی کمزور بہت

دل سے اٹھا طوفان یہ کیسا سارے منظر ڈوب گئے

ورنہ ابھی تو اس جنگل میں ناچ رہے تھے مور بہت

برسوں بعد ملا ہے موقع آؤ لگا لیں کشتی پار

آج تو یارو سناٹا ہے دریا کے اس اور بہت

آج یقیناً مینہ برسے گا آج گرے گی برق ضرور

انکھیاں بھی پر شور بہت ہیں کجرا بھی گھنگھور بہت

کس سے کس کا ساتھی چھوٹا کس کا عمرؔ کیا حال ہوا

پربت پربت وادی وادی رات مچا تھا شور بہت

ہیں سارے جرم جب اپنے حساب میں لکھنا (غزل)

ہیں سارے جرم جب اپنے حساب میں لکھنا

سوال یہ ہے کہ پھر کیا جواب میں لکھنا

برا سہی میں پہ نیت بری نہیں میری

مرے گناہ بھی کار ثواب میں لکھنا

رہا سہا بھی سہارا نہ ٹوٹ جائے کہیں

نہ ایسی بات کوئی اضطراب میں لکھنا

یہ اتفاق کہ مانگا تھا ان سے جن کا جواب

وہ باتیں بھول گئے وہ جواب میں لکھنا

ہوا محل میں سجایا تھا تم نے جب دربار

کوئی غریب بھی آیا تھا خواب میں لکھنا

نہ بھولنا کہ عمرؔ ہیں یہ دوستوں کے حساب

کبھی نہ پڑھنا جو دل کی کتاب میں لکھنا

مزید غزلیں از عمر انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں