پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عمر عالم کی غزلیں — Umar Alam Ghazals

عمر عالم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی کو وصل میں الفت کا ساگر مار دیتا ہے (غزل)

کسی کو وصل میں الفت کا ساگر مار دیتا ہے

کسی کو ہجر میں یادوں کا لشکر مار دیتا ہے

بڑی مشکل سے غزلوں میں ستم اس کے سناتا ہوں

مگر پھر آپ لوگوں کا مکرر مار دیتا ہے

محبت کر تو لوں گا میں کسی سے بھی مگر یارو

کوئی محبوب ایسا ہے جو یکسر مار دیتا ہے

میں جب بھی بھیجتا ہوں خط پہنچتا ہی نہیں اس تک

نجانے کون رستے میں کبوتر مار دیتا ہے

میں اپنے وصل کی یادوں پہ جی لیتا مگر جاناں

مجھے ہر پل جدائی کا وہ منظر مار دیتا ہے

زمانے سے تو لڑ لیتے ہیں ہم تا عمر پر عالمؔ

مرے جیسوں کو اکثر یہ مقدر مار دیتا ہے

بچھڑنا رسم الفت ہے کرشمہ ہو نہیں سکتا (غزل)

بچھڑنا رسم الفت ہے کرشمہ ہو نہیں سکتا

تو میری ہو نہیں سکتی میں تیرا ہو نہیں سکتا

سنو میں بھی تو انساں ہوں مجھے بھی درد ہوتا ہے

یہ تم سے کون کہتا ہے کہ لڑکا رو نہیں سکتا

یہ محفل ہے محبت کی ترے مصرعوں میں نفرت ہے

کہا جو شعر تو نے وہ مکرر ہو نہیں سکتا

وہ سورج اور چراغوں کا سہارا بھی نہیں لیتا

جو راہ حق پہ چلتا ہے کہیں وہ کھو نہیں سکتا

سخن سے منسلک ہوں میں مرا مرکز محبت ہے

دلوں میں بیج نفرت کے کبھی میں بو نہیں سکتا

مزید غزلیں از عمر عالم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں