پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امنگ بالی کی غزلیں — Umang Bali Ghazals

امنگ بالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جان اسے چلانے میں اہرمن کی کھپتی ہے (غزل)

جان اسے چلانے میں اہرمن کی کھپتی ہے

رات دن مگر دنیا نام تیرا جپتی ہے

روشنی کے جلوے ہیں پھلتے پھولتے جنگل

جن کی چھتر چھایا میں تیرگی پنپتی ہے

گونج سی یہاں شب بھر تم جو روز سنتے ہو

دشت کی پناہوں میں خامشی تڑپتی ہے

کیا کہا کہو تو پھر دھیان حسن سیرت کا

اے میاں مری مانو چھاپ لو جو چھپتی ہے

ناگہاں مگر اس میں پھول کیوں نہیں کھلتے

ریگ زار کی مانند خاک دل بھی تپتی ہے

حسن اتر کے آتا ہے یوں امنگؔ آنکھوں میں

جھیل جس طرح گہری روشنی ہڑپتی ہے

رہے خرام سلامت ندی کے دھاروں کا (غزل)

رہے خرام سلامت ندی کے دھاروں کا

نکل نہ جائے کہیں دم مگر کناروں کا

تھا اضطراب و تمنائے دید گل کا کرم

بہت کٹھن تھا سفر ورنہ خارزاروں کا

ستا رہی ہے دل شب کو کل کے چاند کی یاد

اڑا اڑا سا ہے کچھ آج رنگ تاروں کا

جو خوش ہے ایک تو اس کی وفا کے چرچے ہیں

دکھائے دل وہ جہاں میں بھلے ہزاروں کا

یہی ہے لطف تو پھر جور کس کو کہتے ہیں

نہ سمجھا کوئی بھی مطلب ترے اشاروں کا

تن برہنہ ہو جیسے لباس کا محتاج

ہوا ہے شعر بھی مرہون استعاروں کا

اسے تو حسن کی حرمت کا پاس تھا اتنا

کہ کائنات معما ہے پردہ داروں کا

ہو ابتلا سے جہاں عاشقی کی پیمائش

تو کیا عجب ہو وہاں جوش بے قراروں کا

مزید غزلیں از امنگ بالی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں