عمیر نجمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بچھڑ گئے تو یہ دل عمر بھر لگے گا نہیں (غزل)
بچھڑ گئے تو یہ دل عمر بھر لگے گا نہیں
لگے گا لگنے لگا ہے مگر لگے گا نہیں
نہیں لگے گا اسے دیکھ کر مگر خوش ہے
میں خوش نہیں ہوں مگر دیکھ کر لگے گا نہیں
ہمارے دل کو ابھی مستقل پتا نہ بنا
ہمیں پتا ہے ترا دل ادھر لگے گا نہیں
جنوں کا حجم زیادہ تمہارا ظرف ہے کم
ذرا سا گملا ہے اس میں شجر لگے گا نہیں
اک ایسا زخم نما دل قریب سے گزرا
دل اس کو دیکھ کے چیخا ٹھہر لگے گا نہیں
جنوں سے کند کیا ہے سو اس کے حسن کا کیل
مرے سوا کسی دیوار پر لگے گا نہیں
بہت توجہ تعلق بگاڑ دیتی ہے
زیادہ ڈرنے لگیں گے تو ڈر لگے گا نہیں
بڑے تحمل سے رفتہ رفتہ نکالنا ہے (غزل)
بڑے تحمل سے رفتہ رفتہ نکالنا ہے
بچا ہے جو تجھ میں میرا حصہ نکالنا ہے
یہ روح برسوں سے دفن ہے تم مدد کرو گے
بدن کے ملبے سے اس کو زندہ نکالنا ہے
نظر میں رکھنا کہیں کوئی غم شناس گاہک
مجھے سخن بیچنا ہے خرچہ نکالنا ہے
نکال لایا ہوں ایک پنجرے سے اک پرندہ
اب اس پرندے کے دل سے پنجرہ نکالنا ہے
یہ تیس برسوں سے کچھ برس پیچھے چل رہی ہے
مجھے گھڑی کا خراب پرزہ نکالنا ہے
خیال ہے خاندان کو اطلاع دے دوں
جو کٹ گیا اس شجر کا شجرہ نکالنا ہے
میں ایک کردار سے بڑا تنگ ہوں قلم کار
مجھے کہانی میں ڈال غصہ نکالنا ہے