عمیر منظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خود کو ہر روز امتحان میں رکھ (غزل)
خود کو ہر روز امتحان میں رکھ
بال و پر کاٹ کر اڑان میں رکھ
سن کے دشمن بھی دوست ہو جائے
شہد سے لفظ بھی زبان میں رکھ
یہ تو سچ ہے کہ وہ ستم گر ہے
در پر آیا ہے تو امان میں رکھ
مرحلے اور آنے والے ہیں
تیر اپنا ابھی کمان میں رکھ
وقت سب سے بڑا محاسب ہے
بات اتنی مری دھیان میں رکھ
تذکرہ ہو ترا زمانے میں
ایسا پہلو کوئی بیان میں رکھ
تجھ کو نسلیں خدا نہ کہہ بیٹھیں
اپنی تصویر مت مکان میں رکھ
جس کی قسمت ہے بے گھری منظرؔ
ان کو تو اپنے سائبان میں رکھ
ہر بار ہی میں جان سے جانے میں رہ گیا (غزل)
ہر بار ہی میں جان سے جانے میں رہ گیا
میں رسم زندگی جو نبھانے میں رہ گیا
آتا ہے میری سمت غموں کا نیا ہجوم
اللہ میں یہ کیسے زمانے میں رہ گیا
وہ موسم بہار میں آ کر چلے گئے
پھولوں کے میں چراغ جلانے میں رہ گیا
ساتھی مرے کہاں سے کہاں تک پہنچ گئے
میں زندگی کے ناز اٹھانے میں رہ گیا
دار و رسن سجائے گئے جس کے واسطے
اک ایسا شخص میرے زمانے میں رہ گیا
بڑھتے چلے گئے جو وہ منزل کو پا گئے
میں پتھروں سے پاؤں بچانے میں رہ گیا