پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عمیر علی انجم کی غزلیں — Umair Ali Anjum Ghazals

عمیر علی انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چھوٹی سی بات پر ترا لہجہ بدل گیا (غزل)

چھوٹی سی بات پر ترا لہجہ بدل گیا

تو دیکھتے ہی دیکھتے کیسا بدل گیا

کیوں اختلاف رائے نے تہذیب چھین لی

یہ کیا کہ گفتگو کا قرینہ بدل گیا

کھنڈرات میں بدل گیا ہر راستہ یہاں

اور کاغذوں میں شہر کا نقشہ بدل گیا

کتنی سہولتیں ہمیں حاصل تھیں قید میں

تھوڑا سا پھڑپھڑائے تو پنجرہ بدل گیا

جب میں کسی کے ساتھ ہوا اس کے روبرو

مجھ سے تو آئنے کا رویہ بدل گیا

پہلے سا آج کچھ بھی نہیں ہے عمیرؔ میں

اب آئے ہو کہ جب مرا حلیہ بدل گیا

سن رہا ہوں قربتوں میں فاصلہ ہونے کو ہے (غزل)

سن رہا ہوں قربتوں میں فاصلہ ہونے کو ہے

اس قدر تو ہو گیا اب اور کیا ہونے کو ہے

جانے کیوں آنکھوں میں آنسو آ رہے ہیں دیر سے

آج پھر شاید کوئی مجھ سے جدا ہونے کو ہے

شہر کیوں سنسان ہے ویران کیوں ہیں راستے

ہو چکا ہے حادثہ یا حادثہ ہونے کو ہے

ہر طرف نعرے لگائے جا رہے ہیں انقلاب

ایسا لگتا ہے کہ پھر محشر بپا ہونے کو ہے

ہر طرف لاشیں ہیں انجمؔ ہر گلی ہے سوگوار

اور کیا اس سرزمیں پر کربلا ہونے کو ہے

مزید غزلیں از عمیر علی انجم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں