پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طرفہ قریشی کی غزلیں — Turfa Qureshi Ghazals

طرفہ قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نگاہیں نیچی رکھتے ہیں بلندی کے نشاں والے (غزل)

نگاہیں نیچی رکھتے ہیں بلندی کے نشاں والے

اٹھا کر سر نہیں چلتے زمیں پر آسماں والے

تقید حبس کا آزادیاں دل کی نہیں کھوتا

قفس کو بھی بنا لیتے ہیں گلشن آشیاں والے

نہیں ہے رہبریٔ منزل عرفان دل آساں

بھٹک جاتے ہیں اکثر راستے سے کارواں والے

زمیں کی انکساری بھی بڑا اعجاز رکھتی ہے

جبیں سا ہو گئے خشکی پہ بحر بیکراں والے

کسی دن گرم بازار عقیدت ہو تو جانے دو

لگائیں گے مرے سجدوں کی قیمت آسماں والے

اجل کہتے ہیں جس کو نام ہے کمزور ہی دل کا

اسے خاطر میں کیوں لائیں حیات جاوداں والے

ہمیں طرفہؔ کی لے سے کیوں نہ ہو عرفان دل حاصل

سبک نغمے سناتے ہی نہیں ساز گراں والے

دیکھا ہے کہیں رنگ سحر وقت سے پہلے (غزل)

دیکھا ہے کہیں رنگ سحر وقت سے پہلے

شبنم نہ اگا دیدۂ تر وقت سے پہلے

اے طائر شب رو کش گلبانگ سحر ہو

خوشبو نہیں دیتا گل تر وقت سے پہلے

وہ حسن سراپا ابھی بے پردہ کہاں ہے

کیوں اٹھے محبت کی نظر وقت سے پہلے

موجوں کے جھکولے ہوں کہ طوفاں کے تھپیڑے

قطرہ کہیں بنتا ہے گہر وقت سے پہلے

اے خانہ بر انداز چمن تھوڑا تأمل

ملتی نہیں شاخ گل تر وقت سے پہلے

تکمیل محبت کے لیے چاہئے اک عمر

ہوتا نہیں میدان یہ سر وقت سے پہلے

بینائی ناقص کا کرشمہ ہے یہ طرفہؔ

عیبوں میں نظر آیا ہنر وقت سے پہلے

مزید غزلیں از طرفہ قریشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں