عبید نجیب آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بغیر مطلب کے مہربانی نہیں چلے گی (غزل)
بغیر مطلب کے مہربانی نہیں چلے گی
غریب لوگوں میں بد گمانی نہیں چلے گی
یہاں پہ کوئی وفا کی باتیں نہیں کرے گا
ہماری محفل میں بد زبانی نہیں چلے گی
اب اپنے لہجے میں شعر کہنے پڑیں گے سب کو
پرائے لہجوں کی ترجمانی نہیں چلے گی
ذرا ادب سے بزرگ لوگوں سے بات کیجے
زیادہ دن تک یہ نوجوانی نہیں چلے گی
اداس لوگوں کو کون ہنسنا سکھا رہا ہے
خزاں کے موسم میں باغبانی نہیں چلے گی
اگر سلیقہ پتہ ہو تم کو تو عشق کرنا
بغیر موسم کے شیروانی نہیں چلے گی
یہاں کی چھوڑو عبید احمدؔ وہاں کی سوچو
بہ روز محشر کوئی کہانی نہیں چلے گی
دشمنوں سے نہ سگے بھائی سے گھبراتے ہیں (غزل)
دشمنوں سے نہ سگے بھائی سے گھبراتے ہیں
جو برے لوگ ہیں سچائی سے گھبراتے ہیں
ہم کو عزت ملے اپنوں کو برا لگتا ہے
اس لئے حوصلہ افزائی سے گھبراتے ہیں
دن نکلتے ہی تری یاد چلی آتی ہے
شام ہوتی ہے تو تنہائی سے گھبراتے ہیں
عشق تو کر لیں مگر اس میں ہے نقصان بہت
ہم وہ بنئے ہیں جو بھرپائی سے گھبراتے ہیں
آئنہ سامنے رکھ کر نہ یہاں بات کرو
یہ وہ بچے ہیں جو پرچھائی سے گھبراتے ہیں
ہائے وہ لوگ جو ماں باپ کو کرتے ہیں ذلیل
اور اک ہم جو بڑے بھائی سے گھبراتے ہیں
لوگ طالب ہیں کہ شہرت کا علم اونچا ہو
اور ہم خود کی شناسائی سے گھبراتے ہیں
بات کرتے ہیں سمندر میں اتر جانے کی
وہ جو تالاب کی گہرائی سے گھبراتے ہیں