پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طفیل بسمل کی غزلیں — Tufail Bismil Ghazals

طفیل بسمل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک بہانہ ہے تجھے یاد کئے جانے کا (غزل)

اک بہانہ ہے تجھے یاد کئے جانے کا

کب سلیقہ ہے مجھے ورنہ غزل گانے کا

پھر سے بکھری ہے تری زلف مرے شانوں پر

وقت آیا ہے گئے وقت کو لوٹانے کا

جس کی تعبیر عطا کر دے مجھے وہ زلفیں

کون کہتا ہے کہ وہ خواب ہے دیوانے کا

پینے والے تو تجھے آنکھ سے پی لیتے ہیں

وہ تکلف ہی نہیں کرتے ہیں پیمانے کا

کس قدر ہاتھ یہاں صاف نظر آتے ہیں

فیض کتنا ہے ترے شہر پہ دستانے کا

آپ تو شعر میں مفہوم کی صورت ہوتے

لفظ ہوتا جو کوئی آپ کو پہنانے کا

اس کڑی دھوپ میں ہم ورنہ تو جل جائیں گے

وقت بسملؔ ہے یہی زلف کو لہرانے کا

جو بھی تیری آنکھ کو بھا جائے گا (غزل)

جو بھی تیری آنکھ کو بھا جائے گا

جان جاں محبوب سمجھا جائے گا

نام زلفوں کا نہ لینا بھول کر

دل کا پنچھی دام میں آ جائے گا

وقت کے مقتل میں ہم ہیں دوستو

وقت اک دن ہم کو بھی کھا جائے گا

وہ سمجھتا ہے مری حالت مگر

میں اگر کہہ دوں تو شرما جائے گا

کچھ نہ کہنا رازداں بس دیکھنا

آنکھ سے وہ مدعا پا جائے گا

کہہ رہے ہیں وہ نہ بسملؔ یوں تڑپ

تجھ پہ ظالم دل مرا آ جائے گا

مزید غزلیں از طفیل بسمل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں